مضامین

آؤ۔۔۔! کریں کچھ خاص

بنت اسلم برکاتی
22 اگست 2026
145
0
بارہویں شریف کی پُرنور بہاریں، اپنی رحمتوں اور برکتوں سے فضاؤں کو معطر و منور کر رہی ہیں۔ ہر کوئی شاداں ہے اور جشنِ ولادت کو نئے نئے طریقوں کے ذریعے یادگار بنانے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔ سبھی چاہتے ہیں کہ کچھ الگ ہو، کچھ نیا ہو، کچھ سب سے جدا ہو، اور کچھ تو خاص ہو، جو ہر ایک کے لیے قابلِ فرحت و مسرت کا سبب بنے۔
آئیں! ہم سبھی مل کر کچھ خاص کرتے ہیں، جو یادگار بھی ہو اور باعثِ ثواب بھی۔ ذیل میں بارہ طریقے عرض کیے جا رہے ہیں۔ اگر ممکن ہو تو سارے طریقوں پر عمل کریں؛ ورنہ کم از کم تین پر عمل ضرور بالضرور کریں:
(1) سب سے پہلے فرض علوم حاصل کرنے کی نیت کریں؛ کیوں کہ جب علم ہوگا، تبھی عمل کا جذبہ نصیب ہوگا۔ جیسا کہ ہمارے آقا و مولا حضور تاجدار ختمِ نبوت ﷺ کا فرمان ہے:
”طَلَبُ العِلْمِ فَرِیْضَۃٌ عَلٰی کُلِّ مُسْلِمٍ“
(ابن ماجہ، کتاب السنۃ، باب فضل العلماء والحث الخ، ۱ / ۱۴۶، حدیث ۲۲۴)
ترجمہ: علم کا طلب کرنا ہر مسلمان مرد (اسی طرح عورت) پر (بھی) فرض ہے۔
(2) نمازوں کی پابندی کا اہتمام کریں۔ اگر نمازیں قضا ہوئی ہوں تو جلد از جلد ادا کرنے کی کوشش کریں؛ کیوں کہ نماز ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔ جیسا کہ حدیثِ شریف میں ہے:
”جُعِلَتْ قُرَّۃُ عَیْنِیْ فِی الصَّلٰوۃِ“
(نسائی، کتاب عشرة النساء، باب حب النساء، ص ۶۴۴، حدیث: ۳۹۴۶)
ترجمہ: میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں رکھی گئی ہے۔
(3) اگر آپ بہتر بننا چاہتے ہیں، تو قرآنِ پاک کو درست مخرج کے ساتھ پڑھنے پڑھانے کا عہد کریں۔ جیسا کہ حدیثِ شریف میں ہے:
”خَیْرُکُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَ عَلَّمَہٗ“
(بخاری، کتاب فضائل القرآن، باب خَیْرُکُمْ مَنْ۔۔ 3/410، حدیث 5028)
ترجمہ: تم میں سے بہتر وہ ہے، جو قرآن سیکھے اور سکھائے۔
(4) روزانہ تلاوتِ قرآنِ پاک کرنے کا معمول بنائیں۔ جو بندہ قرآن سے جڑ جاتا ہے، وہ بوسیلۂ نبی ﷺ رحمٰن سے جڑ جاتا ہے۔
(5) تلاوتِ قرآن کے ساتھ ساتھ ترجمہ و تفسیر پڑھنے یا سننے کا اہتمام کریں؛ تا کہ آپ سمجھ سکیں کہ کریم رب نے اپنے پیارے حبیب حضور تاجدار ختمِ نبوت ﷺ پر نازل کردہ عظیم کتاب میں کیا فرمایا ہے؟
(6) اس ماہِ مبارک میں کم از کم 12 ضرورت مند ساداتِ کرام کی خدمت کریں۔
(7) اگر اللہ نے آپ کو نوازا ہے تو کسی ایک وارثِ انبیاء کرام علیہم السلام (عالمِ دین) کی ضروریاتِ زندگی کو پورا کرنے کا عہد کریں؛ تا کہ وہ فارغ البال ہو کر خوب دین کا کام کر سکیں۔
(8) ہر مہینے کسی ایک سنی مدرسے میں 1200 روپے دینے کی نیت کریں۔ آپ کی یہ چھوٹی سی مدد کسی مہمانِ رسول ﷺ کے لیے حصولِ علمِ دین کی راہ کو آسان بنا سکتی ہے۔
(9) سیرت النبی ﷺ کو عام کرنے کے لیے، اپنی استطاعت کے مطابق اپنے پیاروں کو تحفے میں کتابیں پیش کریں۔ یہ نہ صرف آپ کے لیے؛ بل کہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی کارِ خیر ہوگا۔
(10) علمائے حق سے اپنے رابطے مضبوط کریں؛ تا کہ جدید فتنوں کی زد سے بچ سکیں۔
(11) بارہویں شریف کے دن کم از کم 12 بچوں کو میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی خوشی میں تحائف دیں اور انہیں بتائیں کہ آج اس نبی کی ولادت کا دن ہے، جس کے صدقے یہ عالم بنا۔ اس سے بچوں کے دلوں میں حضور تاجدار ختمِ نبوت ﷺ کی عظمت و شان اور محبت پیدا ہوگی۔
(12) اور آخر میں یہ عہد کریں کہ یہ سارے کام فقط رب و رسول ﷺ کی رضا کے لیے کریں گے؛ نہ کہ نام و نمود کے لیے! دنیا میں آپ کو اس کا اجر ملے یا نہ ملے؛ لیکن آخرت کا ثواب ضرور حاصل ہوگا۔
رب تبارک و تعالیٰ ہم سبھی کو سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین! اللّٰہم آمین یا رب العالمین!
ــــــــــــــــــــــــــــــــ8 ربیع الاول 1448
22 اگست 2026، بروز ہفتہ