آج کی نوجوان نسل کبھی کبھی اپنے والدین سے یہ سوال کر بیٹھتی ہے کہ آپ نے ہمارے لیے کیا ہی کیا ہے؟ مگر شاید وہ اس ایک سوال کے پیچھے چھپی پوری زندگی کی داستان سے ناواقف ہوتی ہے۔
کبھی اُس باپ کی زندگی میں جھانک کر دیکھیے، جس نے اپنی جوانی کا بیشتر حصہ اولاد کے مستقبل کی خاطر محنت کرتے ہوئے گزار دیا۔ وہ روزی کی تلاش میں کبھی ایک در سے دوسرے در تک گیا، کبھی لوگوں کی تلخ باتیں برداشت کیں، کبھی کسی کی ڈانٹ سنی، تو کبھی اپنی عزتِ نفس کو خاموشی کے ساتھ نگل لیا۔ کبھی اپنے شہر سے دور، کبھی اپنے گھر والوں سے دور، کبھی ماں کی شفقت سے محروم، کبھی بیوی کی رفاقت سے جدا، اور کبھی بہن بھائیوں اور دوستوں کی محفلوں سے بے نیاز ہو کر صرف اس لیے جیتا رہا کہ اُس کے بچوں کو زندگی میں کسی چیز کی کمی محسوس نہ ہو۔ اُس نے اپنی خواہشات کو حالات کے حوالے کر دیا، اپنی راحت کو محنت کے سپرد کر دیا اور اپنی جوانی کو بچوں کے روشن مستقبل کے نام کر دیا، اور ذرا اُس ماں کو دیکھیے، جس نے اپنی ذات کو اولاد کی پرورش میں اس طرح بھلا دیا کہ اپنی خواہشات بھی اسے غیر ضروری محسوس ہونے لگیں۔ کبھی کسی چیز کو کھانے کا دل چاہا تو یہ سوچ کر ارادہ بدل لیا کہ انہی پیسوں سے بچوں کی کوئی ضرورت پوری ہو جائے گی۔ کبھی اپنے لیے کوئی خوب صورت لباس پسند آیا تو اسے دیکھ کر آگے بڑھ گئی کہ بچوں کے لیے سردیوں کے کپڑے خریدنے ہیں۔ کبھی خود بیمار ہوئی، مگر بچوں کی معمولی تکلیف پر بھی رات بھر جاگتی رہی۔ کبھی اپنی نیند قربان کی، کبھی اپنا آرام، کبھی اپنی خوشیاں اور کبھی اپنی خواہشیں، مگر اولاد کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر ہر محرومی کو بھول گئی۔
یہ وہ ماں باپ ہیں جنہوں نے کئی مرتبہ خود بھوکے رہ کر بچوں کا پیٹ بھرا، اپنے پرانے کپڑوں میں گزارا کر کے انہیں نئے لباس پہنائے، اپنی تھکن چھپا کر ان کے چہروں پر مسکراہٹ سجائی اور اپنی زندگی کی بے شمار خوشیوں کو ان کے مستقبل پر قربان کر دیا۔
مگر افسوس! وقت گزرتا ہے، بچے بڑے ہو جاتے ہیں، ان کی خواہشات بڑھ جاتی ہیں، ان کے خواب بدل جاتے ہیں اور کبھی کبھی انہیں اپنے والدین کی قربانیاں بھی چھوٹی محسوس ہونے لگتی ہیں۔ وہ بھول جاتے ہیں کہ آج جن آسائشوں کو وہ اپنا حق سمجھتے ہیں، کبھی انہی کے لیے ان کے والدین نے اپنی کتنی خواہشات کا گلا گھونٹا تھا۔
یاد رکھیے! والدین کی محبت کا کوئی حساب نہیں ہوتا، ان کی قربانیوں کی کوئی رسید نہیں ہوتی اور ان کی محرومیوں کا کوئی ریکارڈ نہیں رکھا جاتا۔ وہ اپنی اولاد پر کیے گئے احسانات گنواتے نہیں، بلکہ خاموشی سے ان کی خوشیوں میں اپنی زندگی کا حاصل تلاش کرتے ہیں۔
اولاد کو یہ سمجھنا چاہیے کہ والدین نے شاید انہیں دنیا کی ہر چیز نہ دی ہو، شاید ان کی ہر خواہش پوری نہ کر سکے ہوں، شاید وہ انہیں وہ زندگی نہ دے سکے ہوں جس کا انہوں نے خواب دیکھا تھا؛ لیکن اس حقیقت کو فراموش نہ کیجیے کہ انہوں نے اپنی استطاعت سے بڑھ کر آپ کے لیے کوشش ضرور کی ہوگی۔ اس لیے کبھی اپنے والدین سے یہ نہ پوچھیے کہ آپ نے ہمارے لیے کیا ہی کیا ہے؟ بلکہ ایک لمحے کے لیے خود سے پوچھیے کہ جنہوں نے اپنی پوری زندگی ہماری خاطر گزار دی، ہم نے ان کے لیے کیا کیا؟
یاد رکھیے! والدین ہمیشہ ہمارے ساتھ نہیں رہیں گے۔ ایک دن وہ گھر بھی ہوگا، وہ کمرہ بھی ہوگا، وہ دروازہ بھی ہوگا، مگر شاید آواز دینے پر جواب دینے والا کوئی نہیں ہوگا۔ اس وقت احساس ہوگا کہ جن ہاتھوں کی سختی کو ہم نے کبھی پابندی سمجھا تھا، وہ دراصل ہماری حفاظت کے لیے تھے، اور جن قربانیوں کو ہم معمولی سمجھتے رہے، وہی ہماری زندگی کی سب سے بڑی نعمت تھیں۔
والدین کی قدر ان کے جانے کے بعد نہیں، ان کے موجود ہوتے ہوئے کیجیے، کیونکہ ان کی جگہ کوئی دوسرا نہیں لے سکتا اور گزرا ہوا وقت کبھی واپس نہیں آتا۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ۱۳/نومبر/۲۰۲۶