مسائل شرعیہ

آپ کے سوالات، شرعی جوابات

پروین فاطمہ بنت محمد سلیم
34
0
(١)
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ حالتِ حیض میں بیوی کے پستان کے درمیان ذَکَر رگڑ کر منی خارج کرنا درست ہے یا نہیں؟
جواب: بلا ضرورت ایسے افعال سے پرہیز بہتر ہے۔ بصورتِ دیگر، اگر بیوی حالتِ حیض میں ہے اور شوہر نے بیوی کے پستان کے درمیان ذَکَر رگڑ کر مادّۂ منویہ خارج کر دیا، تو یہ مکروہ تنزیہی ہے۔
 (فتاویٰ فخر ازہر، جلد اول، ص ١٢٧)
(٢)
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ نماز کے علاوہ زور سے ہنسا، یعنی قہقہہ لگایا، تو وضو ٹوٹے گا یا نہیں؟
جواب: نماز کے علاوہ قہقہہ لگانے سے وضو نہیں ٹوٹے گا۔ حدیثِ شریف میں ہے کہ: تم میں سے جو بھی نماز میں قہقہہ مار کر ہنسا، تو وضو و نماز دونوں کا اعادہ کر لے۔ اب اگر کوئی قیاس کرے کہ حالتِ نماز میں قہقہہ لگانا ناقضِ وضو ہے، تو پھر نماز کے باہر کیوں نہیں؟ سائل کا یہ قیاس نص کے مقابل ہونے کی وجہ سے درست نہیں، اس باب میں شارع علیہ السلام کا صریح حکم موجود ہے، اسی پر عمل کرتے ہوئے نماز کے اندر وضو و نماز دونوں کے فاسد ہونے کا حکم دیا جائے گا۔
 (فتاویٰ فخر ازہر، جلد اول، ص ١٣١)
(٣)
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ احتلام ہونے کے فوراً بعد نہا لیا، اور نہانے کے بعد جو خارج ہوا، اس سے غسل فرض ہوا یا نہیں؟
جواب: منی خارج ہونے کے بعد استنجاء کرنا مستحب ہے۔ اگر جنبی سونے یا پیشاب کرنے اور کچھ قدم چلنے سے پہلے غسل کیا گیا، اور پھر منی نکلی ہو، جیسا کہ مذکور ہے، تو اس صورت میں راجح قول کے مطابق احتیاطاً غسل کرنا ضروری ہے۔ اور اگر سونے یا پیشاب کرنے یا کچھ قدم چلنے کے بعد غسل کیا گیا، پھر منی کا خروج ہوا، تو بالاتفاق غسل کرنا ضروری نہیں۔ 
(فتاویٰ فخر ازہر، جلد اول، ص ١٣٣)
(٤)
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ زید کو احتلام ہو گیا، اور اس کے دانت میں چنے سے چھوٹی ہڈی اٹک گئی ہے، بغیر اسے نکالے غسل کرے تو غسل ہوگا یا نہیں؟
جواب: غسل نہیں ہوگا، اسے نکال کر منہ کے ہر پرزے پرزے میں پانی پہنچانا فرض ہے، کیونکہ نہ نکالنے کی صورت میں وہ جگہ بھیگنے سے رہ جائے گی اور فرائضِ غسل نامکمل ہوگا، پھر ایسی صورت میں غسل بھی نہ ہوگا۔ جیسا کہ امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: منہ کے ہر ذرے پر حلق تک پانی بہانا، اور دونوں نتھنوں میں ناک کی ہڈی شروع ہونے تک پانی چڑھانا، غسل میں فرض اور وضو میں سنتِ مؤکدہ ہے۔
 (فتاویٰ فخر ازہر، جلد اول، ص ١٣٣)
(٥)
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ اونٹ کا گوشت کھانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب: اونٹ کا گوشت کھانے سے وضو نہیں ٹوٹتا، البتہ اونٹ کا گوشت کھانے کے بعد وضو کر لینا مستحب ہے۔
 (فتاوی فخر ازہر، جلد اول، ص ١٣٦)