١) کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ زید ایک لڑکی سے پیار کرتا تھا، زید نے زنا بھی کیا، پھر اس لڑکی سے زید نے شادی کر لی۔ اب زید کو جو زانی کی سزا ہے وہ دی جائے گی یا توبہ ہی کافی ہے؟ زید پر کیا حکم ہے؟ جواب دے کر شکریہ کا موقع دیں۔
جواب: اگر آپ اپنے بیان میں سچے ہیں تو نکاح سے پہلے آپ نے اس لڑکی کے ساتھ جو کچھ کیا اس میں آپ سخت مجرم اور گنہگار ہیں، حقوق اللہ اور حقوق العباد میں گرفتار ہیں۔ اس کا علاج یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حضور صدقِ دل سے اپنے گناہوں پر نادم و شرمندہ ہوں اور اس سے توبہ و استغفار اور عہد کریں یا اللہ میں آئندہ ایسا کبھی نہیں کروں گا، اور صدقہ و خیرات کریں، میلاد شریف کریں، یہ کام توبہ کی قبولیت میں معاون ہیں۔ قال اللہ تبارک تعالیٰ:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا تُوْبُوْۤا اِلَى اللّٰهِ تَوْبَةً نَّصُوْحًا
(التحریم: 8)
اے ایمان والو! اللہ کی بارگاہ میں سچی توبہ کرو۔ حدیث شریف میں آیا ہے:
التَّائِبُ مِنَ الذَّنْبِ كَمَنْ لَا ذَنْبَ لَهُ
یعنی گناہوں سے توبہ کرنے والا ایسا ہے جیسے کہ گناہ کیا ہی نہیں۔
فتاویٰ فخر ازہر: ج؛ 2، ص:82)
(٢) کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ زید کی سگی نانی کی سگی بہن زید کے لیے محرم ہے یا غیر محرم؟
جواب: زید کی سگی نانی کی سگی بہن زید کی ماں کی خالہ ہوگی جو کہ خود زید کی خالہ کے حکم میں ہے، لہٰذا زید کی سگی نانی کی سگی بہن زید کے لیے محرم ہے، جیسا کہ قرآن کریم میں ہے:
حُرِّمَتْ عَلَیْكُمْ اُمَّهٰتُكُمْ وَ بَنٰتُكُمْ وَ اَخَوٰتُكُمْ وَ عَمّٰتُكُمْ وَ خٰلٰتُكُمْ
(النساء: 23)
یعنی تم پر تمہاری مائیں، تمہاری لڑکیاں، تمہاری بہنیں، تمہاری پھوپھیاں اور تمہاری خالائیں حرام ہیں۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج؛ 2، ص:87)
(٣) کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ زید نے ایک عورت سے نکاح کیا، اور وطی نہیں ہوئی کہ جدائی ہو گئی (یعنی طلاق ہو گیا) تو کیا زید اس عورت کی بیٹی سے نکاح کر سکتا ہے؟ علماء کرام و مفتیان عظام شریعت کی روشنی میں مع حوالہ کے جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی۔
جواب: صورتِ متفسرہ میں زید اور اس کی بیوی کے درمیان اگر وطی یا خلوتِ صحیحہ سے پہلے جدائی یعنی طلاق ہو گئی تو زید اپنی مطلقہ بیوی کی بیٹی سے نکاح کر سکتا ہے جبکہ اور کوئی مانعِ نکاح نہ ہو ورنہ نہیں۔ جیسا کہ حضور صدر الشریعہ علیہ الرحمۃ تحریر فرماتے ہیں کہ جس عورت سے نکاح کیا اور وطی نہ کی تھی کہ جدائی ہو گئی اس کی لڑکی اس پر حرام نہیں اور خلوتِ صحیحہ بھی وطی ہی کے حکم میں ہے، یعنی اگر خلوتِ صحیحہ عورت کے ساتھ ہوگئی اس کی لڑکی حرام ہوگئی اگرچہ وطی نہ کی ہو۔
فتاویٰ فخر ازہر: ج؛ 2، ص:87-88)
٤) کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ کیا رضاعی ماں کی سب لڑکیاں حرام ہیں یا وہ جس کے ساتھ دودھ پیا؟
جواب: صورتِ متفسرہ میں زید نے جبکہ ڈھائی سال عمر ہونے سے پہلے ہندہ کا دودھ پیا تو وہ اس کی رضاعی ماں ہوگئی اور ہندہ کی جتنی اگلی پچھلی اولاد ہے سب زید کے بھائی بہن ہیں۔ لہٰذا زید کا ہندہ کی لڑکی سے نکاح کرنا ناجائز و حرام ہے جیسا کہ خدائے تعالیٰ کا ارشاد ہے:
حُرِّمَتْ عَلَیْكُمْ اُمَّهٰتُكُمُ (الی ان قال) وَ اَخَوٰتُكُمْ مِّنَ الرَّضَاعَةِ
(النساء: 23)
یعنی تمہارے اوپر تمہاری رضاعی بہنیں حرام کی گئیں۔
کہ داماد نے اپنے ساس کے ساتھ زنا کر لیا تو کیا ساس کی لڑکی اس پر حرام ہے کہ حلال ہے؟ مکمل قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔
جواب: جب کہ زید نے اپنی ساس سے زنا کیا تو زید کی بیوی ہمیشہ کے لیے اس پر حرام ہو گئی۔ علامہ حصکفی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں: حرم اصل مزنیہ وسوستہ بشہوة والمنظور الی فرجھا الداخل وفروعھن۔
(درمختار مع شامی: ج؛ 2، ص:304)
لہٰذا اب دونوں پر لازم ہے کہ فوراً دونوں الگ ہو جائیں اور علانیہ توبہ و استغفار کریں، اگر الگ نہیں ہوتے ہیں تو ایسی صورت میں سارے مسلمان ان کا سماجی بائیکاٹ کریں جب تک دونوں الگ ہو کر توبہ و استغفار نہ کر لیں ان سے سارے مسلمان بائیکاٹ رہیں۔ خدائے تعالیٰ کا ارشاد ہے:
وَ لَا تَرْكَنُوْۤا اِلَى الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا فَتَمَسَّكُمُ النَّارُ
(ہود: 113)
(فتاویٰ فخر ازہر: ج؛ 2، ص:79)
(٦) کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ بھائی کی سالی کی بیٹی کے ساتھ نکاح کرنا کیسا ہے؟ سالی کی لڑکی ہے کیا زید کے بھائی کے ساتھ شادی ہو جائیگی؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی۔
جواب: شادی ہو جائے گی بشرطیکہ اور کوئی وجہِ مانعِ نکاح نہ ہو، مثلاً رضاعت، حرمتِ مصاہرت وغیرہ۔ زید کی سالی کی لڑکی محرمات میں سے نہیں ہے، اس لیے زید کے بھائی کا نکاح اس سے جائز ہے۔ اللہ عزوجل فرماتا ہے:
وَ اُحِلَّ لَكُمْ مَّا وَرَآءَ ذٰلِكُمْ
(النساء: 24)
اور ان (محرمات) کے سوا اور عورتیں تم پر حلال ہیں۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج؛ 2، ص:77)
٧) کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ اگر کسی شخص نے ہنسی مذاق کے طور پر کسی لڑکی سے نکاح کر لے تو کیا نکاح ہو گیا؟ جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی۔
جواب: نکاح ہو جائے گا، جیسا کہ فتاویٰ یورپ میں ہے کہ نکاح منعقد ہونے یا طلاق کے واقع ہونے کے لیے عزم و قصد شرط نہیں ہے، خواہ قصد و ارادہ کے ساتھ نکاح کرے خواہ ہزل و مذاق کے ساتھ نکاح منعقد ہو جائے گا بشرطیکہ اس مجلس میں دو عاقل و بالغ آزاد مسلمان مرد یا ایک مرد دو عورتیں موجود ہوں۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج؛ 2، ص:74)
(٨) کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ نکاح کے گواہ اور وکیل کو قاضی کے پیسوں میں سے کچھ پیسہ لینا کیسا ہے؟ مع حوالہ جوب سے نوازیں۔
جواب: عام طور پر نکاح خوانی کی اجرت کا مستحق نکاح پڑھانے والا ہی ہوتا ہے، وکیل، گواہ، مؤذن و مسجد وغیرہ کا دینا ضروری نہیں اور نہ ہی وہ اس کا حقدار ہوتا ہے، جیسا کہ خاتم المحققین علامہ ابن عابدین شامی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: "الاجرۃ انما تکون بمقابلۃ العمل"۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج؛ 2، ص:75)