اکثر ہم کہتے ہیں کہ زمانہ خراب ہو گیا ہے، لوگ بدل گئے ہیں، اب پہلے جیسی محبت اور خلوص باقی نہیں رہا۔ لیکن ہم یہ نہیں سوچتے کہ اس بگاڑ میں ہمارا اپنا کردار کیا ہے۔ ہم دوسروں سے اچھے اخلاق کی امید رکھتے ہیں، مگر خود اپنے رویوں کو درست کرنے کی کوشش کم کرتے ہیں۔
اخلاقی زوال کی ایک بڑی وجہ خود احتسابی کی کمی ہے۔ انسان اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے دوسروں پر الزام لگانا آسان سمجھتا ہے۔ والدین اور اولاد کے درمیان فاصلے بڑھ رہے ہیں، رشتوں میں مفاد شامل ہوتا جا رہا ہے اور معاشرتی تعلقات سے خلوص کم ہوتا جا رہا ہے۔
اسلام ہمیں دوسروں کی اصلاح سے پہلے اپنی اصلاح کی تعلیم دیتا ہے۔
قرآنِ کریم میں ارشاد ہوتا ہے:
إِنَّ اللَّهَ لَا يُغَيِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتّٰى يُغَيِّرُوا مَا بِأَنْفُسِهِمْ۔
(الرعد: ۱۱)
ترجمۂ کنز الایمان: بیشک اللہ کسی قوم سے اپنی نعمت نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنی حالت نہ بدل دیں۔
اس لیے ہمیں زمانے کو برا کہنے کے بجائے اپنے کردار کو بہتر بنانے کی فکر کرنی چاہیے۔ اگر ہر شخص اپنی زبان کو پاکیزہ، اپنے معاملات کو صاف اور اپنے دل کو نفرت سے پاک کر لے تو معاشرے میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے۔
معاشرہ بدلنے کے لیے کسی مسیحا کا انتظار نہ کریں، بلکہ اپنی ذات سے اصلاح کا آغاز کریں۔ کیونکہ اچھے انسان ہی اچھے معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں۔
✍️ اشرفیہ فاطمہ رضویہ