از قلم: ثناء اجمل۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حمزہ کبھی مسجد کا سب سے آگے والا نمازی تھا، اس کے دل میں اللہ کی بہت محبت تھی۔ وہ ہر مشکل میں کہتا تھا، میرا رب ہے نا، سب ٹھیک ہو جائے گا۔
پھر اس پر آزمائش آئی، پہلے اس کا کاروبار ڈوبا، پھر ماں بیمار ہو گئی اور دوستوں نے بھی چھوڑ دیا۔ وہ روز دعا کرتا تھا مگر اسے لگتا تھا کہ اس کی دعا آسمان تک نہیں جا رہی۔
ایک دن وہ تھک کر بولا، میں نے اتنی عبادت کی، پھر بھی میرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہوا؟ اس دن اس نے پہلی بار نماز چھوڑی، اس کے دل میں شک آ گیا اور اس نے کہا، شاید اللہ مجھے بھول گیا ہے۔
اس کا دل آہستہ آہستہ سخت ہونے لگا۔ وہ لوگوں سے لڑنے لگا اور دنیا کو برا کہنے لگا۔ اسے لگتا تھا کہ اس کا ایمان ختم ہو گیا ہے۔
ایک شام وہ قبرستان کے پاس سے گزرا، وہاں ایک بوڑھا آدمی بیٹھا اللہ اللہ کر رہا تھا۔ حمزہ نے پوچھا، بابا! آپ کو اللہ سے کچھ ملتا بھی ہے؟
بوڑھے نے مسکرا کر کہا، بیٹا! ایمان تب ہی کمزور ہوتا ہے جب ہم اللہ کو صرف خوشی میں یاد کرتے ہیں۔ دکھ میں اللہ کو چھوڑ دینا ہی کمزوری ہے۔ اللہ بندے کو آزما کر اور قریب کرتا ہے۔ جسے ہم سزا سمجھتے ہیں، وہ اکثر بلاوا ہوتا ہے۔
حمزہ کے دل میں بجلی چمکی، اسے سمجھ آ گیا کہ اس کا ایمان اس لیے کمزور ہوا کیونکہ اس نے صبر چھوڑ دیا تھا۔ اس نے دعا کو سودا سمجھ لیا تھا کہ دعا کرو تو فوراً مل جائے۔
اس رات اس نے پھر سجدہ کیا، اس بار اس نے کچھ مانگا نہیں، صرف کہا، "اے اللہ! میں تھک گیا تھا مگر اب سمجھ گیا ہوں کہ تو نے مجھے نہیں چھوڑا بلکہ میں نے تجھے چھوڑا تھا۔ اے اللہ میرے کمزور ایمان کو پھر سے مظبوط کر دے اور مجھے اپنی رحمت سے کبھی دور نہ ہونے دے۔ آمین"