مضامین

برائ کا بدلہ بھلائی سے دیں

ہمشیرہ اخلاق برکاتی
17
0
زندگی میں کبھی کسی کی بات، لہجہ یا رویّہ ہمارے دل کو رنجیدہ کر دیتا ہے۔ ایسے موقع پر طبیعت چاہتی ہے کہ ہم بھی اسی انداز میں جواب دیں، مگر یہی وقت ہمارے صبر، ظرف اور حسنِ اخلاق کا امتحان ہوتا ہے۔ ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ کسی کی برائی کے جواب میں برائی کرنا ہمارے شایانِ شان ہے یا اپنے اخلاق کی حفاظت کرنا؟
کسی کے سخت لہجے کا جواب سخت لہجے میں دینا آسان ہے، لیکن غصے کے باوجود زبان کو قابو میں رکھنا اور برائی کے مقابلے میں بھلائی اختیار کرنا ہی حقیقی خوبی ہے۔ نرمی انسان کے دل کو بھی سکون دیتی ہے اور دوسروں کے دل میں بھی محبت پیدا کرتی ہے۔ اسی حقیقت کو شاعر نے نہایت خوب صورت انداز میں بیان کیا ہے:
 ہے فلاح و کامرانی نرمی و آسانی میں
ہر بنا کام بگڑ جاتا ہے نادانی میں
یعنی کامیابی اور بھلائی نرمی اختیار کرنے میں ہے، جبکہ نادانی، جلد بازی اور سخت رویّہ بنے بنائے کام کو بھی بگاڑ دیتا ہے۔
حضرتِ سَیِّدُنا شیخ سعدی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْہَادِی فرماتے ہیں:
بدِی رَا بَدِی سَہل بَاشَدْ جَزَا
اگر مَرْدی اَحْسِنْ اِلٰی مَنْ اَسَا
یعنی: بدی کا بدلہ بدی سے دینا آسان ہے، اگر تو مرد ہے تو برائی کرنے والے کے ساتھ بھی بھلائی کر۔
میری پیاری بہنو! کسی کی بدسلوکی کو اپنے اخلاق خراب کرنے کا سبب نہ بنائیے۔ اگر کوئی آپ سے بےرخی کرے تو آپ محبت سے پیش آئیے، کوئی سخت بات کہے تو تحمل اختیار کیجیے، اور کوئی دل دکھائے تو حتی الامکان درگزر سے کام لیجیے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر زیادتی خاموشی سے برداشت کی جائے، بلکہ مقصد یہ ہے کہ اپنے حق کی حفاظت کرتے ہوئے بھی دل میں کینہ اور زبان پر برائی نہ آنے دی جائے۔
ہم بہنوں کے درمیان معمولی سی غلط فہمی بھی دلوں میں دوریاں پیدا کردیتی ہے۔ اس لیے ایک دوسرے کے لیے حسنِ ظن رکھیے، بات کو بڑھانے کے بجائے سمجھنے کی کوشش کیجیے اور اگر کسی سے خطا ہوجائے تو معاف کرنے میں پہل کیجیے۔ کبھی ایک نرم جملہ اور کبھی ایک قدم پیچھے ہٹ جانا بڑے بڑے اختلافات کو ختم کردیتا ہے۔
یاد رکھیے! دوسرے کا برا ہونا ہمارے لیے برا بن جانے کا جواز نہیں۔ ہمارا حسنِ اخلاق اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب ہمارے ساتھ اچھا سلوک نہ کیا جائے اور پھر بھی ہم اپنے کردار کی پاکیزگی برقرار رکھیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے نفس پر قابو رکھنے، دلوں کو کینے سے پاک رکھنے، درگزر کرنے اور برائی کے بدلے بھلائی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

✍️ہمشیرہ اخلاق برکاتی