آج ہمارے معاشرے میں بہت سی ایسی غیر شرعی اور نقصان دہ رسومات نے جڑ پکڑ لی ہے جو اخلاقی، سماجی اور معاشی برائیوں کا پیش خیمہ بن چکی ہیں۔ انہی معاشرتی خرابیوں میں سے ایک جہیز کی وہ رسم بھی ہے جس نے نکاح جیسی پاکیزہ سنت کو بہت سے خاندانوں کے لیے بوجھ بنا دیا ہے۔ اس رسم کی پیروی میں بعض لوگ اس قدر آگے بڑھ جاتے ہیں کہ حلال و حرام کی تمیز اور اسلامی تعلیمات کی پاس داری تک کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
جہیز کے نام پر ناجائز مطالبات، دکھاوا اور معاشرتی دباؤ اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیتے ہیں۔ افسوس کہ ان غیر اسلامی رویوں کے باعث نکاح کی سادگی اور آسانی پسِ پشت چلی گئی ہے، جبکہ والدین اپنی حیثیت سے بڑھ کر اخراجات برداشت کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ موجودہ دور میں جہیز کی اس صورتِ حال کے باعث مسلمان دینی، اخلاقی اور معاشی، تینوں اعتبار سے متعدد نقصانات سے دوچار ہیں۔
دین سے دوری اور شریعت کی پامالی
دینی اعتبار سے دیکھا جاۓ تو اسلام نے نکاح کو انتہائی آسان، سادہ اور بابرکت بنانے کی تلقین کی ہے۔ نبی کریم ﷺ کا فرمانِ عالی شان ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے:*"إِنَّ أَعْظَمَ النِّكَاحِ بَرَكَةً أَيْسَرُهُ مَؤُونَةً*
یقیناً سب سے زیادہ بابرکت نکاح وہ ہے جس میں سب سے کم بوجھ (اخراجات) ہو"۔
(مشکوۃ شریف کتاب النکاح، حدیث نمبر: 3097)
لیکن آج ہم نے سسرال والوں کی لمبی چوڑی فرمائشوں، گاڑی، نقدی اور قیمتی سامان کے مطالبات کو نکاح کا لازمی حصہ سمجھ لیا ہے۔ بیٹی والے کو اس بات پر مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی حیثیت سے بڑھ کر سسرال کی تجوریاں بھرے، جس کے لیے بسا اوقات والدین کو سود پر قرض لینا پڑتا ہے یا حرام ذارئع اختیار کرنے پڑتے ہیں۔ یہ طرزِ عمل اسلامی تعلیمات کے منافی اور نکاح کو آسان بنانے کی شرعی ترغیب کے خلاف ہے۔
جہیز کے اسباب و محرکات: دورِ حاضر میں اس رسم کے پسِ پردہ چند ایسے محرکات اور اسباب کارفرما ہیں جنہوں نے "انسانی اقدار کو پامال کر دیا ہے۔" آج کا انسان مادہ پرستی اور نمود و نمائش کی دوڑ میں اس قدر آگے بڑھ چکا ہے کہ اپنی مالی حیثیت سے بڑھ کر اخراجات کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا۔ لوگ جہیز کے سامان کی نمائش کرتے ہیں تاکہ برادری اور معاشرے میں اپنی حیثیت کا رعب جما سکیں، اور اس جھوٹے رعب کی خاطر بیٹی کا لاچار باپ اپنی عمر بھر کی جمع پونجی داؤ پر لگا دیتا ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ موجودہ دور میں رشتوں پر دولت حاوی ہو چکی ہے۔ اب رشتے اخلاق، کردار اور شرافت دیکھ کر نہیں، بلکہ بینک بیلنس اور مال و اسباب دیکھ کر طے کیے جاتے ہیں۔
لڑکے والے شادی کو دو دلوں اور دو خاندانوں کا ایک مقدس اور محبت بھرا رشتہ بنانے کے بجائے، اسے ایک کاروبار اور کمائی کا ذریعہ سمجھتے ہیں؛ جہاں بعض خاندان دولہے کی تعلیم، ملازمت اور معاشی حیثیت کو بنیاد بنا کر جہیز کے مطالبات کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی معاشرے میں ایک بہت بڑی خرابی یہ بھی جڑ پکڑ چکی ہے کہ بہت سے خاندانوں میں بیٹیوں کو ان کا شرعی و قانونی حصہ یعنی وراثت نہیں دیا جاتا۔ والدین اور بھائی یہ ذہنیت بنا چکے ہیں کہ شادی کے وقت معمولی سا جہیز دے کر بیٹی کو رخصت کر دیا جائے اور یہ سوچ لیا جائے کہ "بس اب اس کا حق ختم ہو گیا"۔ یہ طرزِ عمل صریحاً اسلامی قوانینِ وراثت کی کھلی خلاف ورزی اور عورت پر بدترین ظلم ہے۔
جہیز کے معاشرتی و معاشی نقصانات: جہیز کی اس لعنت نے ہمارے معاشرے کی اخلاقی و معاشی بنیادوں کو کمزور کر دیا ہے، اور اس کے اثرات انتہائی تباہ کن ثابت ہو رہے ہیں۔ معاشی اعتبار سے دیکھا جائے تو یہ رسم غریب اور سفید پوش والدین کے لیے ایک ناقابلِ برداشت بوجھ بن چکی ہے؛ جس کی وجہ سے وہ بیٹی کی شادی کے لیے سود پر بھاری قرض لینے، اپنے مکان اور زمینیں بیچنے، یا اپنی جائز ضروریات کو قربان کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ اس معاشی دلدل کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بیٹی تو رخصت ہو جاتی ہے، مگر والدین عمر بھر کے لیے قرض کے بوجھ تلے دب کر ذہنی مریض بن جاتے ہیں۔
دوسری طرف، اس کے معاشرتی نقصانات اس سے بھی زیادہ ہولناک ہیں۔ اگر لڑکی سسرال والوں کی امیدوں یا ان کے ناجائز مطالبات کے مطابق جہیز نہ لا پائے، تو اسے طعن و تشنیع، ذہنی اذیت اور بدترین گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ یہ لالچ اور مادہ پرستی ہنستے کھیلتے گھروں کو اجاڑ دیتی ہے، جس کے باعث طلاق کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے؛ اور بعض خواتین مسلسل ظلم و اذیت سے اس قدر دل برداشتہ ہو جاتی ہیں کہ خودکشی جیسے انتہائی اقدام کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
لڑکیوں کی شادی میں تاخیر: دورِ حاضر میں لڑکیوں کی شادی میں تاخیر ایک سنگین معاشرتی مسئلہ بن چکی ہے، جس کے پسِ پردہ متعدد معاشی، سماجی اور نفسیاتی عوامل کارفرما ہیں۔ شادی محض دو افراد کا ملاپ نہیں، بلکہ خاندان کی تشکیل اور معاشرتی استحکام کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ افسوس کہ ہمارے معاشرے میں نکاح کو آسان بنانے کے بجائے مختلف رسم و رواج، غیر ضروری مطالبات اور غیر حقیقت پسندانہ توقعات نے اسے مشکل بنا دیا ہے، جس کا بوجھ سب سے زیادہ بیٹیوں اور ان کے والدین کو اٹھانا پڑتا ہے۔ اس مسئلے کے اسباب کو سمجھنا اور ان کا تدارک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
جہیز کا انتظام نہ ہونا، لڑکے والوں کی جانب سے بے جا فرمائشیں، ظاہری خوب صورتی کو غیر معمولی اہمیت دینا اور تعلیم و ملازمت سے متعلق غیر ضروری شرائط، وہ اہم عوامل ہیں جو مناسب رشتوں کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ اس صورتِ حال سے والدین ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہوتے ہیں، جبکہ لڑکیوں کو بھی سماجی دباؤ اور مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اسلامی تعلیمات اور آسان نکاح: اسلام نے نکاح کو پاکیزہ اور بابرکت رشتہ قرار دیا ہے اور رشتے کے انتخاب میں دین داری اور حسنِ اخلاق کو بنیادی اہمیت دی ہے۔ نبی کریم ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے: إِذَا خَطَبَ إِلَيْكُمْ مَنْ تَرْضَوْنَ دِينَهُ وَخُلُقَهُ فَزَوِّجُوهُ، إِلَّا تَفْعَلُوا تَكُنْ فِتْنَةٌ فِي الْأَرْضِ وَفَسَادٌ عَرِيضٌ
ترجمہ: جب تمہارے پاس کوئی ایسا شخص نکاح کا پیغام لے کر آئے جس کی دین داری اور اخلاق سے تم مطمئن ہو تو اس سے نکاح کر دو۔ اگر تم ایسا نہیں کرو گے تو زمین میں فتنہ اور بڑا فساد برپا ہوگا۔ (سنن الترمذی، کتاب النکاح، حدیث: ۱۰۸۴)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رشتے کے انتخاب میں دین داری اور اخلاق کو ترجیح دینی چاہیے اور بلاوجہ رکاوٹیں کھڑی کرنے سے بچنا چاہیے۔ افسوس کہ آج بعض خاندان دین و اخلاق کے بجائے دولت، گاڑی، بنگلہ اور برادری کے ظاہری وقار کو ترجیح دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں نکاح مشکل ہوتا جا رہا ہے اور والدین معاشی دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔
اسلام نکاح میں سادگی اور آسانی کی تعلیم دیتا ہے۔ نکاح کو غیر ضروری اخراجات اور فضول رسومات سے پاک رکھنا چاہیے، تاکہ کسی خاندان پر اس کی استطاعت سے بڑھ کر بوجھ نہ پڑے۔
جہیز کا خاتمہ: ہماری ذمہ داریاں جہیز اور شادی کی فضول رسومات کے خاتمے کے لیے محض قوانین بنا دینا کافی نہیں، بلکہ والدین، نوجوانوں اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔
والدین کی ذمہ داری: لڑکے کے والدین کو چاہیے کہ وہ لڑکی والوں سے کسی قسم کے جہیز یا مادی سامان کی توقع نہ رکھیں اور نہ ہی بالواسطہ یا بلاواسطہ کوئی مطالبہ کریں۔ بیٹے کی شادی کو مالی منفعت کا ذریعہ بنانے کے بجائے سادگی اور خوش اسلوبی سے انجام دیں۔
نوجوانوں کا کردار: نوجوان لڑکوں کو چاہیے کہ وہ اپنے والدین کے سامنے واضح مؤقف اختیار کریں کہ ان کی شادی جہیز کے بغیر ہوگی۔ انہیں اپنے کردار سے ثابت کرنا چاہیے کہ شریکِ حیات کی عزت، دین داری اور اخلاق مادی سامان سے کہیں زیادہ اہم ہیں اور وہ کسی مجبور والد کی سفید پوشی کو مجروح نہیں ہونے دیں گے۔
معاشرتی اصلاح: برادری کے ذمہ دار افراد اور سماجی رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ جہیز کے مطالبات اور فضول رسومات کی حوصلہ شکنی کریں۔ ایسے مطالبات کی حمایت کرنے کے بجائے سادگی سے نکاح کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے، تاکہ معاشرے میں ایک مثبت روایت قائم ہو۔
اصلاحِ معاشرہ: حاصلِ کلام یہ ہے کہ جہیز، بے جا مطالبات اور غیر ضروری رسم و رواج لڑکیوں کی شادی میں تاخیر کے اہم اسباب ہیں۔ اس مسئلے کا حل محض دوسروں پر تنقید کرنے میں نہیں، بلکہ اپنی سوچ اور رویوں کی اصلاح میں ہے۔ ہمیں نمود و نمائش کے بجائے دین داری، حسنِ اخلاق اور سادگی کو ترجیح دیتے ہوئے نکاح کو آسان بنانا ہوگا۔
معاشرتی اصلاح کا آغاز اپنے گھر سے ہوتا ہے۔ آئیے! عہد کریں کہ ہم نکاح کو جہیز اور غیر ضروری مطالبات سے پاک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، تاکہ بیٹیوں کے لیے نکاح آسان ہو اور کوئی والد اپنی معاشی مجبوریوں کے باعث ان کے مستقبل کے حوالے سے پریشان نہ ہو۔
یا اللہ جو والدین اپنی بیٹیوں کے رشتوں کے حوالے سے ذہنی دباؤ، مایوسی اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ان کی پریشانیوں کو دور فرما، ان کے لیے نیک اور صالح رشتوں کے اسباب پیدا فرما اور ان کے معاملات میں آسانیاں عطا فرما۔ ہمارے معاشرے کو جہیز، فضول رسومات اور غیر ضروری مطالبات سے پاک فرما، اور ہمیں نکاح کو آسان بنانے کی توفیق عطا فرما۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین۔