طہارت و پاکی
١) کیا وضو کے دوران زیورات پہنے رکھنا جائز ہے؟
جواب:۔ وضو کے دوران زیورات پہن کر وضو کرنا جائز ہے شرط یہ ہے کہ پانی زیور کے نیچے تک پہنچ جائے اور اگر انگوٹھی کنگن وغیرہ تنگ ہو اور پانی جلد تک نہ پہنچے تو ہلانا اور اتارنا ضروری ہوگا ورنہ وضو مکمل نہ ہوگا ۔( بہار شریعت: ص 293)
٢) ناخن پالش لگا کر وضو کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب:۔ نیل پالش لگا کر وضو کرنے سے وہ صحیح ہو جائیں گے، کیونکہ یہ عورتوں کی زینت کی ضرورت میں شامل ہے اور مہندی کی طرح ہے، بشرطیکہ قدرِ قلیل مقدار میں لگائی جائے۔ البتہ احتیاطاً اس سے بچنا بہتر ہے کیون کہ اس میں اسپرٹ کی آمیزش سنی جاتی ہے۔ اگر یقینی طور پر ثابت ہو کہ اس میں کوئی نجس چیز شامل ہے تو اسے زائل کیے بغیر وضو، غسل اور نماز صحیح نہ ہوں گے۔
(فتاویٰ تاج الشریعہ ح 3 ،ص 32)
٣) حیض کے دوران کون سی عبادات ممنوع ہیں؟
جواب:۔ حیض کے دوران قرآن مجید پڑھنا،نماز پڑھنا،روزہ رکھنا اور سجدہ تلاوت کرنا،مسجد میں داخل ہونا ،طواف کرنا یہ سب باتیں حیض کی حالت میں ممنوع ہے ۔
( بہار شریعت : ح 2 ،ص 382)
٤) غسلِ جنابت کا صحیح طریقہ کیا ہے؟
جواب:۔ غسلِ جنابت کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ پہلے دونوں ہاتھ کلائیوں تک تین بار دھونا، پھر شرمگاہ اور جسم پر لگی نجاست دھونا، پھر مکمل وضو کرنا ، پھر تین بار سر پر پانی بہانا، پھر دائیں کندھے پر تین بار، پھر بائیں کندھے پر تین بار، اور جسم کے ہر حصے تک پانی پہنچانا ۔ فرض صرف تین چیزیں ہیں: کلی، ناک میں پانی، اور پورے بدن پر پانی بہانا۔
(بہار شریعت: ح 2؛ ص 319)
نماز سے متعلق
٥) عورتوں کے لیے گھر میں نماز پڑھنا افضل ہے یا مسجد میں؟
جواب:۔ جی ہاں عورتوں کے لیے گھر میں نماز پڑھنامسجد میں نماز پڑھنے سے افضل ہے۔ اس لئے کہ نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا عورتوں کا دالان میں نماز پڑھنا صحن میں پڑھنے سے بہتر ہے اور کوٹھری میں دالان سے بہتر ہے ۔( بہار شریعت: ص 586)
٦) قضا نمازوں کی ترتیب کیسے رکھی جائے؟
جواب:۔ قضا نمازوں کی ترتیب اسی وقت واجب ہے جب قضا نمازوں کی تعداد 6 سے کم ہوں پانچوں فرض نمازوں میں باہم اور فرض و وتر میں ترتیب ضروری ہے کہ پہلے فجر پھر ظہر پھر عصر پھر مغرب پھر عشا پھر وتر پڑھے، خواہ یہ سب قضا ہوں یا بعض ادا بعض قضا، مثلاً ظہر کی قضا ہوگئی تو فرض ہے کہ اسے پڑھ کر عصر پڑھے یا وتر قضا ہوگیا تو اُسے پڑھ کر فجر پڑھے اگر یاد ہوتے ہوئے عصر یا وتر کی پڑھ لی تو ناجائز ہے۔
( بہار شریعت: ص 708)
٧) سفر میں نماز قصر کرنے کا کیا طریقہ ہے؟
جواب: سفر میں نماز قصر کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ چار رکعت والی فرض نماز کو دو پڑھے کیوں کہ اس کے حق میں دو رکعت ہی پوری نماز ہے ۔
(بہار شریعت: ح 4؛ ص 748)
٨) نماز میں شک ہو جائے تو کیا حکم ہے؟
جواب: اگر اسے نماز میں شک ہوا کہ میں نے اس وقت کی نماز پڑھی یا ابھی نہیں پڑھی تو اگر اس نماز کا وقت باقی ہے جس میں شک کررہا ہے تو نماز دوبارہ پڑھے اور اگر اس نے شک کیا نماز کا وقت گزر جانے کے بعد تو اعادہ نہیں۔
( بہار شریعت: ص 1074)
روزہ و رمضان
٩) حاملہ اور مرضعہ عورت کے لیے روزہ کی کیا رخصت ہے؟
جواب: ہاں، حاملہ اور مرضعہ عورت روزہ چھوڑ سکتی ہے اگر اسے اپنی یا اپنے بچے کی جان یا صحت کو نقصان پہنچنے کا غالب گمان یا خطرہ ہو۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: حاملہ نیز دودھ پلانے والی عورت بچے کے نقصان کا خوف کریں، تو روزے نہ رکھیں، فدیہ دیں۔
(سنن ابي داود: ح 2318)
١٠) بھول کر کچھ کھا پی لینے سے روزہ ٹوٹتا ہے یا نہیں؟
جواب: بھول کر کچھ کھا پی لینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا ہے۔
(قانون شریعت: ح 1 ؛ ص 149)