مسائل شرعیہ

شرعی رہنمائی

صالحہ بانو بنت محمد اعظم
212
1
سوال نمبر 31۔کیا اونٹ کا گوشت کھانے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب:۔ اونٹ کا گوشت کھانے سے وضو نہیں ٹوٹتا ہے البتہ اونٹ کا گوشت کھانے کے بعد وضو کر لینا مستحب ہے۔
 (فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص 136)
سوال نمبر 32۔کوئی شخص سو کر اٹھا احتلام یاد نہیں عضو پر اور کپڑے پر تری ہے اور مذی کا گمان ہے کیا غسل فرض ہوگا ؟
جواب:صورت مسئولہ میں غسل واجب نہیں ، اس لئے کہ جب تری کے مذی یا ودی ہونے میں شک ہو اور احتلام ہونا بھی یاد نہ ہو تو بالاتفاق غسل واجب نہیں۔ (فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص115)
سوال نمبر 33۔حالت روز ہ میں حیض و نفاس والی عورت کا کیا حکم ہے؟ 
جواب:اگر کسی عورت کو حالت روزہ میں حیض و نفاس آگیا تو اس کا روزہ ٹوٹ گیا بعد میں اس کی قضا کرے اگر روزہ فرض تھا۔تو قضا فرض ہے اگر روزہ نفل تھا تو قضا واجب ہے۔ اگر وہ دن بھر روزہ کی طرح گزارے تو اس کو اس روزہ کا ثواب بھی ملے گا۔
 (فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص 449)
سوال نمبر 34۔کیا قبر کے اندر پکی اینٹ سیمینٹ مسالے کے ساتھ لگا سکتے ہیں؟ 
جواب:قبر کے اندر پکی اینٹ لگانا مکروہ ہے کہ اینٹ آگ سے پکتی ہے اور اللہ تعالی مسلمانوں کو آگ کے اثر سے بچانا۔ اور اگر ضرورت ہو تو کچی اینٹ لگانا اور ایساہی فتاوی رضویہ جلد نجم صفحہ ۴۲۵ پر ہے۔ 
(فتاویٰ فخر ازہر:ج 1؛ ص 396)
سوال نمبر 35۔ نماز جنازہ کے لیے وضو کرنا کیا ہے؟فرض یا واجب ؟
جواب: نماز جنازہ کے لیے وضو کرنا فرض ہے ۔(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص364)
سوال نمبر 36۔اگر باپ صاحب نصاب ہو تو کیا اسے اپنے عاقل بالغ بیٹے کا فطرہ ادا کرنا ضروری ہے جب کہ بیٹا شرعی فقیر ہے؟
جواب:۔ باپ اگر صاحب نصاب ہو اسے اپنے عاقل بالغ بیٹے کا صدقہ ادا کرنا ضروری نہیں بہار شریعت میں در مختار وغیرہ؛ کے حوالے سے ہے کی اپنی عورت اور اولاد عاقل بالغ کا فطرہ اس کے ذمہ نہیں اگر چہ اپاہج ہو اگر چہ اس کے نفقات اس کے ذمہ ہوں ۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ص 418)
سوال نمبر 37۔جو بچہ پیٹ میں ہی مر گیا تو کیا اس کا نام رکھ سکتے ہیں؟ 
جواب: صورت مذکورہ میں بچے کا نام نہ رکھا جائے جیسا کہ حضور صدر الشریعہ بدر الطریقہ علیہ الرحمة والرضوان بہار شریعت میں بحوالہ در مختار ورد المختار تحریر فرماتے ہیں کہ بچہ زندہ پیدا ہو یا مردہ اس کی خلقت تمام ہو یا نا تمام بہر حال اس کا نام رکھا جائے اور قیامت کے دن اس کا حشر ہوگا۔ 
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1 ؛ ص 363)
سوال نمبر 38۔ کسی مسلمان کو کافر کہنا کیسا ہے؟
جواب:۔ کسی مسلمان نے دوسرے مسلمان کو اگر رنجش یا جھگڑے میں بطور گالی،،کافر،، کہا تو یہ حرام ہے اور کہنے والا گناہ گار ہوا اور یہ کہنے والا اس مسلمان سے معافی مانگے ۔ ہاں اگر کسی مسلمان نے دوسرے مسلمان کو اعتقاد ی طور پر کافر کہا تو یہ کہنے والا خود کافر ہو جائے گا ۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص 103/104)
سوال نمبر 39۔ کیا کسی میت کا زیر ناف صاف کر سکتے ہیں یا نہیں؟ 
جواب: جی نہیں، میت کا زیر ناف صاف کرنا ناجائز و مکروہ تحریمی ہے۔ 
( فتاوی فخر ازہر: ج،1 ص؛ 361)
سوال نمبر 40۔کیا تکبیر تشریق کہنا عورت پر بھی واجب ہے؟ 
جواب: صورت مسئولہ میں عورتوں پر تکبیر تشریق واجب نہیں جیسا کہ حضور صدر الشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ عورتوں پر تکبیر تشریق واجب نہیں اگر چہ جماعت سے نماز پڑھے ہاں اگر مرد کے پیچھے عورت نے پڑھی اور امام نے اس کے امام ہونے کی نیت بھی کی تو عورت پر بھی تکبیر تشریق واجب ہے مگر آہستہ کہے عورت پر تکبیر جب واجب ہوگی جب مذکورہ شرط پائی جائے گی مگر اس دور میں عورتیں اپنے گھروں پر اکیلے نماز پڑھتی ہیں لہذا ان پر واجب نہیں البتہ پڑھ لی تو مستحب ہے۔
 ( فتاوی فخر ازہر: ج 1؛ ص 342)