مضامین

علم تو ہے، مگر عمل کہاں؟

اشرفیہ فاطمہ بنت مولانا جمشید عالم
213
3
علم انسان کو شعور عطا کرتا ہے، اچھے اور برے میں تمیز سکھاتا ہے اور زندگی گزارنے کا سلیقہ دیتا ہے۔ لیکن علم کی حقیقی خوب صورتی اس وقت ظاہر ہوتی ہے جب وہ انسان کے کردار و عمل میں نمایاں ہو۔
آج ہمارے معاشرے میں علم حاصل کرنے والوں کی کمی نہیں، مگر سوال یہ ہے کہ کیا ہمارا علم ہمارے اخلاق کو بھی سنوار رہا ہے؟ ہم دوسروں کو سچائی، صبر اور حسنِ اخلاق کی نصیحت تو کرتے ہیں، لیکن کیا خود بھی ان صفات کو اپنی زندگی میں اپناتے ہیں؟
اکثر انسان دوسروں کی غلطیاں تلاش کرنے میں مصروف رہتا ہے، مگر اپنی اصلاح سے غافل ہو جاتا ہے۔ حالاں کہ علم کا اصل تقاضا یہ ہے کہ انسان پہلے اپنی ذات کا جائزہ لے اور اپنے کردار کو بہتر بنانے کی کوشش کرے۔
علم اور عمل کا تعلق گہرا ہے۔ علم راستہ دکھاتا ہے، جبکہ عمل انسان کو منزل کی طرف لے جاتا ہے۔ محض اچھی باتیں جان لینا کافی نہیں، بلکہ ان پر عمل کرنے کی کوشش بھی ضروری ہے۔ خصوصاً دینی علم حاصل کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ ان کے علم کی جھلک ان کے اخلاق، گفتگو اور معاملات میں بھی نظر آئے۔
ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے جہاں انسان کی پہچان صرف اس کے علم اور اسناد سے نہیں، بلکہ اس کے کردار، دیانت داری اور حسنِ سلوک سے بھی ہو۔
آئیے! دوسروں کی اصلاح سے پہلے اپنی اصلاح کی فکر کریں۔ اپنے علم کو عمل میں ڈھالیں اور اپنی زندگی کو اپنے الفاظ کی گواہی بنائیں۔
یاد رکھیے! علم کی اصل عظمت صرف جاننے میں نہیں، بلکہ اس علم کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش میں ہے۔

✍️ اشرفیہ فاطمہ رضویہ