مضامین

قرآن سے جڑیں، رحمٰن سے جڑیں

مہناز نوری فاطمی بنت محمد نوراللہ برکاتی
36
0
قرآن مجید روح کا سکون، نفس کا چین، دل کی بہار، باطن کا نور، گفتگو کی چاشنی اور سانسوں کی مہک ہے۔

قرآن کی آیتیں زندگی کو بدلنے، پریشانیوں سے نکالنے، ڈپریشن اور، خود کشی سے بچانے نیز رشتوں کے ٹوٹنے سے حفاظت کرتی ہے۔
یقین مانیں اگر ہم نے ہم قرآن مجید کو ترجمہ و تفسیر کے ساتھ سمجھ کر پڑھنا شروع کردیا تو ہمارے دل میں کوئی غم باقی ہی نہ رہے گا کیوں کہ قرآن مجید میں ہر مسئلہ کا حل ہے، ہمیں کیسے زندگی گزارنی چاہیے، ہم کیسے کامل مومن بن سکتے ہیں غرض کہ ہر شئ کا ذکر قرآن کریم میں موجود ہے۔ 
ہم سب کو معلوم ہے کہ قرآن مجید پڑھنے پر کس قدر اجروثواب ہے اس کی کتنی برکتیں ہیں۔ 
جیسا کہ آج کل رمضان المبارک کے مہینے میں قرآن کی خوب تلاوت کی جاتی ہے۔
 اور کرنی بھی چاہیے اس پر بہت اجروثواب ہے، لیکن کیا ہم نے کبھی یہ غور کیا ہے کہ ہم کبھی قرآن کو سمجھ کر پڑھیں اس کو ترجمہ و تفسیر کے ساتھ پڑھیں۔ 
اللہ نے قرآن ہمارے لیے ہی نازل فرمایا ہے تاکہ ہم اس کو سمجھیں اور قرآن پر عمل کرکے قرآن کے مطابق زندگی گزاریں۔

آپ لوگ میرے ایک سوال پر غور کریں اور دل سے سوچیں!
اگر آپ کو کسی بادشاہ کا خط آئے اور آپ کے وقت کے بادشاہ کا خط آئے اور وہ خط آپ کی زبان میں نہ ہو تو آپ کیا کریں گے؟
کیا آپ اس خط میں خوش بو لگا کر غلاف میں رکھ کر اس کو لوکر میں رکھ دیں گے؟
 یا آپ بہت خوش ہو جائیں گے! اور یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ اتنی عظیم شخصیت وقت کے بادشاہ نے مجھے خط بھیجا ہے پھر آپ ایسے شخص کے پاس جائیں گے جس کو اس خط کی زبان آتی ہو کہ مجھے بتاؤ تو کہ بادشاہ نے میرے لیے کیا پیغام بھیجا ہے
 واقعی اگر آپ کو بادشاہ کا پیغام مل گیا تو آپ اپنی زندگی کو اسی رنگ و روپ بدل لیں گے۔ 
اب آپ ذرا سوچیں کہ ایک بادشاہ کے خط میں آپ کو اتنی دل چسپی ہے اور اللہ تبارک وتعالیٰ تو بادشاہوں کا بادشاہ ہے ہمارا خالق ومالک، ہمیں رزق دینے والا حتیٰ کہ زمین پر چلنے والا ایک معمولی سا کیڑا بھی اللہ تعالیٰ کی بادشاہت میں ہے۔ اور ہم تو اشرف المخلوقات ہمارے جسم کا ایک ایک حصہ الحمدللہ اللہ ربّ العزت کا دیا ہوا ہے اور اللہ کی بادشاہت میں ہے۔اور اللہ رب العزت قرآن کے ذریعے سے ہم سے کلام فرما رہا ہے، تو کیا ہم اس کو جاننے کی کوشش نہیں کریں گے؟
اب آپ یہ اپنے دل سے سوال کریں!
ہم قرآن مجید کی تلاوت تو کرتے ہیں لیکن اس کو سمجھ کر اس پر عمل کرنے کی کوشش نہیں کرتے ہیں کہ دیکھیں تو سہی ہمارا رب ہم سے کیا کلام فرما رہا ہے ہمارے رب نے ہمیں کن چیزوں کا حکم دیا ہے کن چیزوں سے منع فرمایا ہے۔ 
آپ یقین مانیں کہ اگر ہم نے اپنی زندگی میں ایک بار بھی قرآن مجید کو ترجمہ و تفسیر کے ساتھ سمجھ کر نہیں پڑھا ہے تو ہماری زندگی بےکار ہے۔ 
حدیث قدسی ہے
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
“جو شخص قرآن میں مشغول ہونے کی وجہ سے میرے ذکر اور مجھ سے سوال (دعا) کرنے سے بھی فارغ نہ ہو، تو میں اسے ان لوگوں سے بھی زیادہ عطا کرتا ہوں جو مجھ سے سوال کرتے ہیں۔
(جامع ترمذی: ٢٩٢٦)
سبحان اللّٰہ‌‌! یہاں آپ سب اس حدیث پر غور کریں کہ اللّٰہ تبارک وتعالیٰ نے قرآن پاک کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے میں کتنا اجروثواب رکھا ہے۔ لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم قرآن سے اپنا رشتہ مضبوط کریں اور اس پر عمل کرنے کی حتیٰ الامکان کوشش کریں۔
اللہ کریم ہمیں قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطافرمائے اور ہمارے دلوں میں قرآن مجید کی محبت عطا فرمائے 
آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم
اپنے مضامین بھی اس ویب سائٹ پر شائع کروائیں: 
9005224744