مضامین

مراتب احادیث

ہمشیرہ اخلاق برکاتی
47
0
حدیثِ صحیح کے سات مراتب ہوتے ہیں: 
`اول:` متفق علیہ۔ `دوم:` وہ حدیث جسے صرف امام بخاری نے روایت کیا ہو۔ `سوم:` وہ حدیث جسے صرف امام مسلم نے روایت کیا ہو۔ `چہارم:` وہ حدیث جو امام بخاری کی شرائطِ صحت پر پوری اترتی ہو، لیکن امام بخاری نے اسے اپنی کتاب میں روایت نہ کیا ہو۔ `پنجم:` وہ حدیث جو امام مسلم کی شرائطِ صحت پر پوری اترتی ہو، لیکن امام مسلم نے اسے اپنی کتاب میں روایت نہ کیا ہو۔ `ششم:` وہ حدیث جو امام بخاری اور امام مسلم دونوں کی شرائطِ صحت پر پوری اترتی ہو، لیکن دونوں نے اسے اپنی اپنی کتابوں میں روایت نہ کیا ہو۔ ہفتم: وہ حدیث جو صحیح ہو، لیکن نہ امام بخاری و مسلم نے اسے روایت کیا ہو اور نہ وہ ان دونوں کی شرائطِ صحت پر پوری اترتی ہو۔
شیخین کون؟`
محدثین کے ہاں شیخین کا لفظ امام بخاری اور امام مسلم دونوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ حدیث کی اسناد یا کتبِ حدیث کے بیان میں جب ’’شیخین‘‘ کہا جائے تو اس سے مراد امام بخاری اور امام مسلم ہوتے ہیں۔ 
پہلا مرتبہ`
متفق علیہ سے مراد وہ حدیث ہے جسے امام بخاری اور امام مسلم دونوں نے اپنی اپنی صحیح میں روایت کیا ہو۔ یعنی وہ حدیث صحیح بخاری میں بھی موجود ہو اور صحیح مسلم میں بھی موجود ہو۔ اسے متفق علیہ اس اعتبار سے کہا جاتا ہے کہ امام بخاری اور امام مسلم دونوں نے اس حدیث کو اپنی اپنی کتاب میں روایت کیا اور اسے صحیح قرار دیا۔ امام ابن صلاح  رحمہ اللہ کے قول کے مطابق متفق علیہ سے امت کا اس حدیث کی صحت اور قبولیت پر اتفاق بھی مراد لیا جاتا ہے۔ پس متفق علیہ حدیثِ صحیح کا سب سے اعلیٰ مرتبہ ہے۔
`دوسرا مرتبہ:` 
دوسرا مرتبہ اس حدیث کا ہے جسے صرف امام بخاری نے روایت کیا ہو اور امام مسلم نے اسے روایت نہ کیا ہو۔ یعنی وہ حدیث صحیح بخاری میں موجود ہو، لیکن صحیح مسلم میں موجود نہ ہو۔ یہاں صرف صحیح بخاری اور صحیح مسلم کا اعتبار ہے، کسی دوسری کتاب کا نہیں۔ ایسی حدیث حدیثِ صحیح کے مراتب میں دوسرے مرتبے پر ہے۔
تیسرا مرتبہ:` 
تیسرا مرتبہ اس حدیث کا ہے جسے صرف امام مسلم نے اپنی صحیح میں روایت کیا ہو اور امام بخاری نے اسے روایت نہ کیا ہو۔ یعنی وہ حدیث صحیح مسلم میں موجود ہو، لیکن صحیح بخاری میں موجود نہ ہو۔ ایسی حدیث حدیثِ صحیح کے مراتب میں تیسرے مرتبے پر ہے۔
چوتھا مرتبہ:`
چوتھا مرتبہ اس حدیث کا ہے جو امام بخاری کی شرائطِ صحت پر پوری اترتی ہو، لیکن امام بخاری نے اسے اپنی صحیح میں روایت نہ کیا ہو۔ یعنی حدیث اپنی سند اور دیگر شرائط کے اعتبار سے امام بخاری کے مقرر کردہ معیارِ صحت پر پوری اترتی ہو، لیکن وہ صحیح بخاری میں موجود نہ ہو
`پانچواں مرتبہ:` 
پانچواں مرتبہ اس حدیث کا ہے جو امام مسلم کی شرائطِ صحت پر پوری اترتی ہو، لیکن امام مسلم نے اسے اپنی صحیح میں روایت نہ کیا ہو۔ یعنی حدیث امام مسلم کے معیارِ صحت کے مطابق صحیح ہو، لیکن صحیح مسلم میں موجود نہ ہو۔
`چھٹا مرتبہ:`
چھٹا مرتبہ اس حدیث کا ہے جو امام بخاری اور امام مسلم دونوں کی شرائطِ صحت پر پوری اترتی ہو، لیکن نہ امام بخاری نے اسے اپنی صحیح میں روایت کیا ہو اور نہ امام مسلم نے اپنی صحیح میں روایت کیا ہو۔ یہاں ’’صحیحین‘‘ سے مراد صحیح بخاری اور صحیح مسلم ہیں، جبکہ ان دونوں کے مصنفین، امام بخاری اور امام مسلم، کو شیخین کہا جاتا ہے۔ پس جو حدیث امام بخاری اور امام مسلم دونوں کی شرائطِ صحت پر پوری اترتی ہو، لیکن دونوں نے اسے اپنی اپنی کتاب میں روایت نہ کیا ہو، وہ حدیثِ صحیح کے چھٹے مرتبے میں شمار ہوتی ہے۔
ساتواں مرتبہ:`
ساتواں مرتبہ اس حدیث کا ہے جو صحیح ہو، لیکن نہ امام بخاری اور امام مسلم نے اسے اپنی اپنی کتابوں میں روایت کیا ہو اور نہ وہ امام بخاری و امام مسلم دونوں کی شرائطِ صحت پر پوری اترتی ہو۔ یعنی وہ حدیث اپنی ذات کے اعتبار سے صحیح ہو، لیکن صحیح بخاری و صحیح مسلم میں موجود نہ ہو اور نہ ہی ان دونوں کے مقرر کردہ معیارِ صحت کے مطابق ہو۔
`بخاری و مسلم میں موجود ہونا صحت کی شرط نہیں`
یہ سمجھنا درست نہیں کہ جو حدیث بخاری و مسلم میں موجود نہ ہو، وہ صحیح نہیں ہو سکتی۔ بہت سی صحیح احادیث ان دونوں کتب کے علاوہ دیگر کتبِ حدیث میں بھی موجود ہیں۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ اور امام مسلم رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے علم و تحقیق کے مطابق احادیث کا منتخب مجموعہ اپنی کتابوں میں درج کیا؛ تمام صحیح احادیث ان کی کتابوں میں محدود نہیں۔
اصح الاسانید`
اصح  الاسانید سے مراد اعلیٰ اور عمدہ سندیں ہیں۔ سند راویوں کی وہ ترتیب ہے جس کے ذریعے حدیث ہم تک پہنچتی ہے، جبکہ راویوں کے بعد حدیث کے الفاظ کو متن کہا جاتا ہے۔ مثلاً امام مالک رحمۃ اللہ علیہ، نافع رحمۃ اللہ علیہ، ابن عمر رضی اللہ عنہ سے  روایت کریں تو یہ سند کا حصہ ہے۔ ایسی اعلیٰ سند اگر کسی دوسری کتاب میں موجود ہو تو صرف بخاری و مسلم میں نہ ہونے کی وجہ سے اسے غیر صحیح نہیں کہا جائے گا۔
غریب اور فرد`
غریب کا دوسرا نام فرد ہے۔ اس کی دو قسمیں ہیں: فردِ مطلق اور فردِ نسبی۔
`فردِ مطلق:` وہ حدیث جس میں کسی صحابی سے روایت کرنے والا صرف ایک راوی ہو۔
`فردِ نسبی:` وہ حدیث جس میں صحابی سے روایت کرنے والے متعدد ہوں، لیکن سند کے کسی اگلے طبقے میں کوئی ایک راوی منفرد ہو جائے۔
متابع کی تعریف`
اگر کسی حدیث کے ایک راوی کی موافقت کرنے والا کوئی دوسرا راوی مل جائے تو پہلا راوی متبوع اور اس کی پیروی کرنے والا دوسرا راوی متابع کہلاتا ہے۔ یعنی جس راوی کی پیروی کی جائے، وہ متبوع اور جو اس کی موافقت میں روایت کرے، وہ متابع کہلاتا ہے۔ اسی طرح اگر تیسرا راوی بھی اس کی موافقت میں روایت کرے تو وہ بھی متابع کہلائے گا۔ یہ بات آپ یاد رکھیں۔
`حدیثِ شاہد کی تعریف`
اسی طرح ایک حدیث شاہد بھی ہوتی ہے۔ شاہد کا معنی ہے: گواہ بننے والا، یعنی گواہی دینے والا۔ مثال کے طور پر کوئی روایت ایک صحابی سے مروی ہے اور کسی دوسرے صحابی سے وہ روایت مروی نہیں۔ پھر ایک دوسری حدیث ایسی آتی ہے جو پہلی حدیث کے موافق ہو، خواہ اس کے الفاظ بھی وہی ہوں یا صرف معنی کے اعتبار سے موافق ہوں، تو دوسری حدیث پہلی حدیث کے لیے شاہد کہلاتی ہے۔
یعنی ایک حدیث ایک صحابی سے مروی ہو، پھر اسی مفہوم کی حدیث کسی دوسرے صحابی سے بھی مروی ہو، خواہ وہ لفظاً موافق ہو یا معناً، تو دوسری حدیث پہلی حدیث کے لیے شاہد کہلائے گی۔ پہلی حدیث کی مانند جو دوسری حدیث ہوگی، اس دوسری حدیث کو پہلی حدیث کے لیے شاہد کہا جائے گا۔
عام الفاظ میں یوں سمجھیں کہ آپ کوئی کام کر رہے ہیں، پھر کوئی دوسرا شخص بھی آپ کے موافق وہی کام کر دے، خواہ اسی طریقے سے کرے یا اس کا مقصد اور مفہوم وہی ہو جو آپ کے کام کا تھا، تو وہ دوسرا کام آپ کے کام کے لیے گواہی بن جائے گا۔ اسی طرح حدیث میں بھی دوسری حدیث پہلی حدیث کے لیے شاہد ہوتی ہے۔
`حدیثِ مرسل پر اہم کتب`
حدیثِ مرسل پر امام ابو داود رحمہ اللہ، مصنفِ سنن ابی داود، متوفی 275 ہجری نے المراسیل نامی کتاب لکھی ہے۔
اسی طرح ابن ابی حاتم رحمہ اللہ، متوفی 327 ہجری نے بھی المراسیل نامی کتاب لکھی ہے۔
اسی طرح امام علائی رحمہ اللہ، متوفی 761 ہجری نے جامع التحصیل لأحکام المراسیل نامی کتاب لکھی ہے۔ 
`حدیثِ مدلس پر اہم کتب`
اسی طرح حدیثِ مدلس کے بارے میں بھی چند کتابیں ہیں۔ ہم نے حدیثِ تدلیس پڑھی ہے، اس کی کتابیں بھی آپ یاد کر لیں۔
امام خطیب بغدادی رحمہ اللہ، متوفی 463 ہجری نے التدلیس نامی کتاب لکھی ہے۔
اسی طرح امام خطیب بغدادی رحمہ اللہ نے حدیثِ مدلس کے موضوع پر ایک اور کتاب التبیین لأسماء المدلسین لکھی ہے۔
امام حلبی رحمہ اللہ، متوفی 801 ہجری نے بھی التبیین لأسماء المدلسین نامی کتاب لکھی ہے۔
اسی طرح امام ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے تعریف أهل التقدیس بمراتب الموصوفین بالتدلیس نامی کتاب لکھی ہے۔
`موضوع روایات پر اہم کتب`
اسی طرح جو موضوع روایات ہوتی ہیں، ان کے بارے میں بھی چند کتابیں لکھی گئی ہیں۔
امام مقدسی رحمہ اللہ، متوفی 507 ہجری نے تذکرة الموضوعات نامی کتاب لکھی ہے۔
اسی طرح امام ابن الجوزی رحمہ اللہ، متوفی 597 ہجری نے موضوع روایات پر الموضوعات نامی کتاب لکھی ہے۔
اسی طرح امام جلال الدین سیوطی رحمہ اللہ، متوفی 911 ہجری نے اللآلئ المصنوعة في الأحاديث الموضوعة نامی کتاب لکھی ہے۔ موضوع روایات کے بارے میں یہ بھی اہم کتاب ہے۔ 

✍️ہمشیرہ اخلاق برکاتی