مضامین

مطالعہ میرا دوست ہے

اے۔ایس۔رضویہؔ
14 اگست 2026
42
0
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے، جو ہر لمحہ علم و رہنمائی کا ذریعہ بنتی ہے۔ میرا مشاہدہ ہے کہ باقاعدگی سے مطالعہ کرنے والوں کے خیالات زیادہ پختہ اور اندازِ بیان زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔ اگر ہم روزانہ مطالعے کی عادت اپنائیں اور حاصل کیے ہوئے علم پر عمل کریں تو ان شاء اللہ ہمارے معاشرے میں بھی علم، شعور اور ترقی کو فروغ ملے گا۔
مطالعہ ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہ نہ صرف ہمارے علم میں اضافہ کرتا ہے بلکہ ذہن کو وسعت دیتا ہے اور سوچنے کی صلاحیت کو بھی بہتر بناتا ہے۔ باقاعدہ مطالعے سے ہمیں نئے الفاظ، عمدہ اسلوب اور مفید خیالات حاصل ہوتے ہیں، جن کے استعمال سے ہماری تحریر مزید خوبصورت اور مؤثر بن جاتی ہے۔ مطالعہ نہ صرف ہماری دنیاوی زندگی کو سنوارتا ہے بلکہ دینی کتابوں کا مطالعہ ہماری آخرت کی کامیابی اور نجات کا بھی بہترین ذریعہ بن سکتا ہے۔
مولانا سردار احمد کا شوقِ مطالعہ
حضور مفتی اعظم ہند فرماتے ہیں: میں جب بھی مولانا سردار احمد کو دیکھتا پڑھتے ہی دیکھتا۔ مدرسے میں قیام گاہ پر حتیٰ کہ جب مسجد میں آتے تو بھی کتاب ہاتھ میں ہوتی۔ اگر جمامت میں تاخیر ہوتی تو بجائے دیگر اذکار و اوراد کے مطالعہ میں مصروف ہو جاتے۔ (مطالعہ یعنی کامیابی کی ضمانت، ص:۲۶)
اس واقعے سے معلوم ہوتا ہے کہ کامیاب لوگ اپنے وقت کی قدر کرتے ہیں اور ہر ممکن لمحے کو علم حاصل کرنے میں صرف کرتے ہیں۔ اگر ہم بھی مطالعے کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا لیں تو ہمارے علم میں اضافہ ہوگا، ہماری سوچ بہتر ہوگی اور ہماری تحریر بھی نکھر جائے گی۔
اللہ عزوجل سے دعا ہے ہمیں علمِ نافع حاصل کرنے، مطالعے کا شوق اپنانے اور اپنے علم پر عمل کرتے ہوئے اسے تحریر اور کردار کے ذریعے دوسروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔(آمین یارب العالمین)