مطالعہ علم و حکمت کے حصول، ذہنی صلاحیتوں کو بیدار کرنے اور شخصیت سازی کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ صرف معلومات فراہم نہیں کرتا بلکہ انسان کے تجربے اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت میں وسعت اور پختگی پیدا کرتا ہے۔ مطالعہ علم و شعور کا ذریعہ ہے اور انسان کا بہترین رہبر بھی ہے۔ یہ ایک ایسا مشغلہ ہے جو انسان کو دنیا بھر کی معلومات فراہم کرتا ہے، اور مطالعے کے ذریعے انسان گویا پوری دنیا کی سیر کرتا ہے۔
مطالعہ صرف معلومات فراہم نہیں کرتا بلکہ شعور اور کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مطالعہ کرنے والے شخص کا کردار، ادب، اخلاق اور اندازِ گفتگو نہایت دلکش ہوتا ہے۔ مطالعے کے ذریعے ہم ماضی کی تاریخ، مختلف قوموں کے حالات اور ان کی تہذیب سے آگاہ ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں ہم ان واقعات سے عبرت حاصل کرکے خود کو بہتر بناتے ہیں۔ اسی طرح مطالعے کے ذریعے ہی ہم صالحین اور ترقی یافتہ قوموں کے حالات پڑھ کر خود کو ان کے سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کرتے ہیں۔
کامیاب افراد کی زندگی میں مطالعہ کا کردار
دنیا میں جتنے بھی بڑے بڑے علماء کرام گزرے ہیں، انہیں اتنا علم مطالعے ہی کے ذریعے حاصل ہوا۔ وہ اپنے زیادہ تر وقت کو مطالعے میں صرف کرتے تھے اور اپنے عقل و شعور میں اضافہ کرتے رہتے تھے۔ انہیں نئی نئی معلومات حاصل کرنے کا تجسس رہتا تھا، اور اسی شوق کے تحت وہ مسلسل مطالعہ کرتے تھے۔
یہ افراد رات کے اندھیرے میں ہلکی روشنی میں بھی مطالعہ جاری رکھتے تھے اور اس طرح اپنے عقل و شعور کو کامل بناتے تھے۔ دنیا کی جتنی بھی ترقی یافتہ قومیں گزری ہیں، وہ اپنے دن کا بڑا حصہ مطالعے کے لیے مخصوص رکھتی تھیں۔
مطالعہ کے فوائد
مطالعہ کے بے شمار فوائد ہیں جنہیں مکمل طور پر بیان کرنا ممکن نہیں، تاہم چند اہم فوائد درج ذیل ہیں:
١۔ مطالعہ کرنے سے علمِ دین میں گہرائی پیدا ہوتی ہے۔
٢۔ قرآن و حدیث کو سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔
٣۔ عمل میں اخلاص اور خشوع پیدا ہوتا ہے۔
٤۔ فضول باتوں سے ذہن محفوظ رہتا ہے۔
٥۔ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل ہوتا ہے۔
٦۔ عقل و شعور میں پختگی آتی ہے۔
٧۔تحریر و تقریر میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔
٨۔ وقت کی قدر کا احساس ہوتا ہے۔
٩۔ حوصلہ افزائی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔
١٠۔ سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت میں وسعت آتی ہے۔
مطالعہ کرنے کا طریقہ کار
مطالعہ کرنے سے پہلے اس کے لیے منصوبہ بندی ضروری ہے۔ یعنی آپ پہلے سے ہدف مقرر کریں کہ ایک دن میں پانچ یا دس صفحات کا مطالعہ کرنا ہے۔ اس طرح ایک واضح مقصد سامنے رہے گا اور آپ روزانہ اپنے مقرر کردہ صفحات کا مطالعہ کر سکیں گے۔
مطالعے کے لیے پُرسکون جگہ کا انتخاب کریں، جہاں شور نہ ہو تاکہ دھیان نہ بٹے۔ موبائل، سوشل میڈیا اور دیگر توجہ ہٹانے والی چیزوں کو دور رکھیں۔ تازہ ہوا اور مناسب روشنی کا خاص خیال رکھیں۔
روزانہ مطالعے کا ایک مقررہ وقت طے کریں کہ کس وقت مطالعہ کرنا ہے۔ یاد رکھیں، مطالعہ نہ کرنا علم کی بے قدری ہے۔ اگر آپ مطالعے سے اُکتا جاتے ہیں تو اللہ تعالیٰ سے ہدایت کی دعا کریں اور مطالعے کو اپنی عادت بنائیں۔ ابتدا کی اُکتاہٹ کو برداشت کریں اور صبر کریں، پھر اس میں لذت پیدا ہو جائے گی۔
مطالعہ انسان کی تنہائی کا بہترین ساتھی ہے۔
مطالعہ نہیں تو ترقی نہیں۔