درس و تدریس

محفل تحقیق: ایک تعارفی تبصرہ

محمد سفیان حنفی مصباحی
43
0
العطایا الاشرفیہ فی المسائل الفقہیہ
المعروف بـ محفل تحقیق 
میدان فقہ میں  دینی خدمات انجام دینا ایک عظیم اور قابل تحسین کارنامہ ہے، ہرکوئی اس کا اہل نہیں بلکہ یہ کارِ عظیم وہی انجام دے سکتا ہے جس کے مطالعہ میں وسعت اور فقہی بصیرت میں پختگی ہو نیز اس کے پاس روایت ظاہرہ و روایت نادرہ ، مفتی بہ اور غیر مفتی بہ اقوال وغیرہم کا صحیح علم ہو۔ ان ماہر علماے کرام و فقہاے عظام سے استفادہ کرنے کے مختلف طریقے ہیں؛ دار الافتاء یا براہ راست کسی عالم سے مسائل پوچھ سکتے ہیں لیکن جہاں دار الافتاء اور باصلاحیت مفتیان کرام نہیں ہیں وہ عصر حاضر کے تقاضے پہ عمل پیرا ہوتے ہوئے ”شرعی مسائل گروپس“ سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔
عوام کی آسانی کے لیے آخری طریقے پر عمل کرتے ہوئے طلبۂ جامعہ اشرفیہ مبارک پور کی جانب سے ” محفل تحقیق “ کے نام سے ایک گروپ تشکیل دیا گیا جس کا مقصد لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے ساتھ طلبہ کی علمی و تحقیقی صلاحیت کو پروان چڑھانا تھا اور یہ گروپ اپنے مقصد میں کامیاب بھی رہا، مفتیان کرام کی نگرانی میں اکثر و بیشتر مسائل حل کیے گئے۔ اور اس گروپ کے حل شدہ مسائل کو رفیق درس مولانا فاضل مصباحی نے یکجا کر کے ” العطایا الأشرفیة فی المسائل الفقھیة“ کے نام سے کتابی شکل دے دی۔
یہ کتاب فقہ کے باب میں ایک گراں قدر اضافہ ہے، اس میں موصوف نے قرآن و احادیث اور معتبر متون و شروح کی روشنی میں عقائد، عبادات اور معاملات پر مشتمل تقریباً دیڑھ سو شرعی مسائل کو مرتب کیا ہے۔ اور ان مسائل پہ استاذ محترم حضرت علامہ مولانا مفتی زاہد سلامی مصباحی صاحب قبلہ (استاذ الجامعہ الاشرفیہ مبارک پور) و دیگر با صلاحیت مفتیان کرام کی تائید و تصدیقات بھی موجود ہیں، جو اس کتاب کی وقعت و اہمیت میں مزید اضافہ کر تی ہیں۔
 یہ کتاب اپنے عام فہم اور تحقیقی اسلوب کے باعث خواص و عوام، دونوں کے لیے یکساں طور پر مفید ہے۔ موصوف کے قلم سے کتاب کے آخر میں تقریباً پندرہ صفحات پر مشتمل ” اختلاف امتی رحمۃ“ کے عنوان سے ایک تحقیقی مقالہ اور معتبر مصادر و مراجع بھی شامل ہیں۔ علم دوست افراد اس کتاب کو اپنے مطالعے کی زنیت بنائیں۔ اور اہل ثروت سے عرض ہے کہ اسے خرید کر عوام میں تقسیم کرائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ کر سکیں۔ 
گروپ کے تمام اراکین، جنھوں نے ان مسائل کو حل کیا اور محترم مولانا فاضل مصباحی جنھوں نے انھیں جمع کر کے کتابی صورت دی، سب لائقِ مبارک باد ہیں۔ راقم کا موصوف مرتب صاحب سے ابتداے سال سے تعلق رہا اور رفاقتِ درس کی بنا پر یہ تعلق تا حال قائم ہے، میں نے ان کے اسلوب میں متانت و شائستگی اور تحقیقی بصیرت دیکھی ہے، موصوف کو فقہ و علم کلام سے خاص شغف ہے اور فی الحال درجۂ فضیلت کے طالب علم ہیں۔ 
بحمدہ تعالی یہ میرے لیے باعث مسرت ہے کہ راقم نے چند ماہ قبل اس گروپ میں چند سوالات کے احادیث اور فقہی جزئیات سے مدلل جوابات دیے تھے، موصوف نے بتایا کہ انھیں بھی شامل کیا گیا ہے۔ اور ہاں راقم کا دیگر طلبہ اشرفیہ سے مخلصانہ مشورہ ہے کہ اس گروپ میں شریک ہو کر قرآن و احادیث اور معتبر متون کی روشنی میں جواب دے کر میدان ممارست کا تازہ ترین تجربہ کریں۔ 
اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا ہے کہ اس گراں قدر علمی ذخیرے کو مقبول خاص و عام بنائے، گروپ کے تمام ممبران کو اسی طرح مزید دینی خدمات کی توفیق عطا فرمائے اور طلبہ کے اندر تحقیقی و فقہی بصیرت پیدا فرمائے، آمین یا رب العالمین۔

تبصرہ نگار: محمد سفیان حنفی مصباحی