مضامین

دینِ اسلام کی روشنی میں کتاب کی اہمیت

اے۔ایس۔رضویہؔ
13 اگست 2026
81
2
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــاسلام ایک ایسا عظیم مذہب ہے جو علم و تعلیم کو بے حد اہمیت دیتا ہے، اور کتاب علم حاصل کرنے کا بہترین اور مؤثر ذریعہ ہے۔ دینِ اسلام کی بنیاد ہی علم پر قائم ہے، اسی لیے اللہ ربُّ العزت نے قرآنِ پاک کی پہلی وحی میں انسان کو پڑھنے کا حکم دے کر علم کی عظمت کو واضح فرمایا۔
اللہ پاک قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے: اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِیْ خَلَقَۚ۔ (سورہ آلعلق _١)
ترجمۂ کنز الایمان: پڑھو اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا
کتاب کی سب سے بڑی مثال خود قرآنِ پاک ہے، جو اللہ تعالیٰ کی مقدس کتاب ہے۔ یہ کتاب انسانوں کے لیے ہدایت کا ذریعہ ہے، جو ہمیں زندگی گزارنے کا صحیح طریقہ سکھاتی ہے۔ قرآن کے علاوہ احادیث کی کتابیں بھی ہمیں حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کراتی ہیں۔
کتاب انسان کی زندگی کی سب سے مخلص اور بہترین ساتھی ہوتی ہے۔ یہ نہ صرف ہمارے علم میں اضافہ کرتی ہے بلکہ ہمیں شعور، فہم اور دانائی کی روشنی بھی عطا کرتی ہے۔ زندگی کے ہر موڑ پر، چاہے خوشی کا لمحہ ہو یا غم کا وقت، کتاب ایک سچے دوست کی طرح ہمارے ساتھ رہتی ہے۔
یہ ہمارے مسائل کا حل پیش کرتی ہے، ہمیں درست راستہ دکھاتی ہے اور ہمارے خیالات کو وسعت بخشتی ہے۔ کتاب کے ذریعے ہم نہ صرف دنیا کو بہتر طور پر سمجھتے ہیں بلکہ اپنی شخصیت کو بھی سنوارتے ہیں۔ بے شک، کتاب ایک ایسا خزانہ ہے جو انسان کو کبھی تنہا نہیں ہونے دیتا۔
کتاب ہمیں کامیاب لوگوں کی زندگیوں سے روشناس کراتی ہے اور یہ سکھاتی ہے کہ ہم بھی کن اصولوں اور محنت کے ذریعے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ نہ صرف ہمیں راستہ دکھاتی ہے بلکہ ہمارے حوصلے کو بلند کرتی ہے، ہمارے اندر خود اعتمادی پیدا کرتی ہے اور ہمیں مشکلات کا سامنا کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
کتاب انسان کی بہترین رہنما ہے، جو اندھیروں میں روشنی بن کر ہمیں صحیح راستے کی طرف لے جاتی ہے۔
اس کے ذریعے ہمیں دوسروں کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے، جس سے ہم اپنی غلطیوں کو کم کر سکتے ہیں اور اپنی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ یوں کتاب نہ صرف علم کا خزانہ ہے بلکہ کامیابی کی کنجی بھی ہے۔