مضامین

میرا نکاح کر دو ______!!

بنت اسلم برکاتی
14 اگست 2026
33
0
منقول ہے کہ ایک بزرگ کو لوگ ایک مدت تک نکاح کا کہتے رہے؛ لیکن وہ انکار کرتے رہے۔ ایک دن وہ نیند سے بیدار ہوئے، تو فرمانے لگے: میرا نکاح کر دو! میرا نکاح کر دو! لوگوں نے ان کا نکاح کر دیا۔ ان سے اس تبدیلی کے بارے میں پوچھا، تو انہوں نے فرمایا: ممکن ہے کہ اللہ عزوجل مجھے بچہ عطا فرمائے، پھر اس کی روح قبض کر لے، تو وہ آخرت میں میرا پیش رو (یعنی بارگاہ الہی میں میرا سفارشی) ہوگا۔
پھر فرمایا: میں نے خواب دیکھا کہ قیامت قائم ہو گئی ہے اور میں لوگوں کے ساتھ میدان محشر میں ہوں۔ تمام لوگوں کی طرح مجھے بھی شدت کی پیاس محسوس ہوئی۔ قریب تھا کہ میں ہلاک ہو جاتا، اچانک میں نے دیکھا کہ چند بچے صفحے چیرتے ہوئے مجمع میں آئے۔ ان کے سروں پر نور کے رومال، ہاتھوں میں چاندی کے کٹورے اور سونے کی کوزے تھے۔ وہ مجمع میں تلاش کرتے ہوئے بعض کو پانی پلاتے، بعض کو نہ پلاتے۔ میں نے بھی ان کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہوئے کہا: ”مجھے شدت کی پیاس لگی ہے، مجھے بھی پانی پلاؤ۔“ تو ایک بچے نے کہا: ہم میں کوئی آپ کا بیٹا نہیں، ہم میں سے ہر ایک اپنے والد کو پانی پلائیں گے۔ میں نے پوچھا: تم کون ہو؟ انہوں نے کہا: ”ہم مسلمانوں کے وہ بچے ہیں، جو بچپن میں فوت ہو گئے تھے۔“
(احیاء علوم، جلد دوم، ص: 95)
نکاح کے بے شمار فوائد ہیں۔ ان میں سے ایک عظیم فائدہ یہ ہے کہ بچپن میں فوت ہونے والے بچے اپنے والدین کے لیے آخرت میں شفاعت کا ذریعہ بنیں گے۔ جیسا کہ حضور تاجدارِ ختمِ نبوت ﷺ نے ارشاد فرمایا:
”إِنَّ الطَّفْلَ يَجُرُّ بِأَبَوَيْهِ إِلَى الْجَنَّةِ“
ترجمہ: ”بچہ اپنے والدین کو کھینچ کر جنت میں لے جائے گا۔“
(احیاء علوم، جلد دوم، ص: 94)
ایک اور فرمانِ رسول ﷺ ملاحظہ فرمائیں:
”مَنْ مَاتَ لَهُ اثْنَانِ مِنَ الْوُلْدِ فَقَدِ احْتَظَرَ بِحِظَارٍ مِّنَ النَّارِ“
ترجمہ: ”جس کے دو بچے (چھوٹی عمر میں) فوت ہو گئے، تو اس نے اپنے لیے جہنم سے آڑ بنا لی۔“
(احیاء علوم، جلد دوم، ص: 95)
جن کے چھوٹے بچے فوت ہو گئے ہیں، انہیں مایوس نہیں ہونا چاہیے؛ بل کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت پر یقین رکھتے ہوئے صبر و شکر اختیار کرنا چاہیے، کیوں کہ یہ عظیم بشارتیں ان کے لیے آخرت میں بلند درجات کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔
اور جو نوجوان ابھی تک نکاح سے دور بھاگ رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ اس عظیم اور پاکیزہ سنتِ انبیاء کرام علیہم السلام کو اپنائیں؛ تاکہ وہ بھی ان فضیلتوں اور برکتوں میں شامل ہو سکیں، جو نکاح کے ساتھ وابستہ ہیں۔
اللہ کریم ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین! اللہم یا رب العالمین! 
ـــــــــــــــــــــــــــــــــ2 ذی الحجہ 1447
29 مئی 2026، بروز جمعہ