سوال نمبر 21۔ کیا کوئی شخص دو مرتبہ عید کی نماز پڑھ سکتا ہے ۔ یعنی آج ایک جگہ اور کل دوسری جگہ؟
جواب:۔ اگر پہلے دن عید کی نماز صحیح ادا ہو گئی تو اب پھر دوسرے روز کی نماز شرعاً جائز نہیں۔
(فتاوی فخر ازہر: ج 1؛ ص 339/340)
سوال نمبر 22۔ اگر نماز جنازہ میں دعائے میت یاد نہ ہو تو سورہ فاتحہ پڑھنا کیسا ہے ؟
جواب:۔ نماز جنازہ کی دعا اگر اچھی طرح یاد نہ ہو اور نہ پڑھ سکے تو سورہ فاتحہ بنیت دعا پڑھنا جائز ہے ، مگر بنیت قرات نہیں ۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص 351)
سوال نمبر 23۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا جنازہ کتنے دن تک رکھا رہا؟
جواب:۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات روز دوشنبہ کو ہوئی روز سہہ شنبہ پورا گزر گیا اور چہار شنبہ میں آپ کی تدفین ہوئی ۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص 367)
سوال نمبر 24۔ عید گاہ میں نماز جنازہ پڑھنا کیسا ہے۔ جواب عنایت فرمائیں؟
جواب:۔ نماز جنازہ عید گاہ اور مدرسے کی احاطے میں ادا کرنا جائز ہے شرعی اعتبار سے کوئی قباحت نہیں ہے ۔البتہ مسجد میں نماز جنازہ پڑھنا مطلقاً مکروہ تحریمی ہے جو حرام کے مثل ہے۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص 369)
سوال نمبر 25۔ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کی نماز جنازہ کس نے پڑھایا؟
جواب:۔ صحیح روایت کے مطابق حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کا جنازہ حضرت حسن بن علی بن ابی طالب نے پڑھایا۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ص 371)
سوال نمبر 26۔ عقیقہ کس دن کیا جائے اور اگر اس دن نہ ہو سکے تو کب کیا جائے ؟
جواب:۔ بچے کے پیدائش کے ساتویں روز عقیقہ کیا جائے اور اگر یہ نہ ہو سکے تو پندرہویں دن یا اکیسویں روز اور اگر یہ بھی نہ ہو سکے تو جب میسر ہو کر لیا جائے۔ (اسلامی زندگی:ص 24)
سوال نمبر 27۔ عقیقے کے گوشت کے کتنے حصے کیے جائیں اور کہاں کہاں دیے جائیں؟
جواب:۔ عقیقے کے گوشت کے تین حصے کر دیے جائیں،ایک حصہ فقراء کو خیرات کر دیا جائے۔ دوسرا حصہ اہل قرابت میں تقسیم ہو،اور تیسرا حصہ اپنے گھر میں کھایا جائے۔
(اسلامی زندگی: ص 24)
سوال نمبر 28۔ عقیقہ اور ختنہ کے غلط رسمیں کس قوم سے لی گئی ہیں؟
جواب:۔ عقیقہ اور ختنہ کے غلط رسمیں خالص ہندوانی ہے اور اسی قوم سے لی گئی ہیں۔
(اسلامی زندگی: ص 21)
سوال نمبر 29۔ بچہ پیدا ہونے پر سب سے پہلے کیا کرنا چاہیے؟
جواب ۔ بچہ پیدا ہونے پر سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کیا جائے پھر غسل دیا جائے پھر نال کاٹا جائے اور جس قدر جلدی ہو سکے اس کے کان میں اذان اور تکبیر کہی جائے۔
(اسلامی زندگی: ص 20)
سوال نمبر 30۔ بچہ کے کس کان میں اذان اور کس کان تکبیر کہی جاتی ہے؟
جواب:۔ بچے کے دائیں کان میں اذان اور بائیں کان میں تکبیر کہی جاتی ہے۔
(اسلامی زندگی: ص 20)