سوال نمبر 11۔ مسجد سے قرآن شریف یا پارہ گھر پر لا کر رکھ کر پڑھنا اس نیت سے لانا کہ پڑھ کر واپس مسجد میں رکھ دیگا کیسا ہے؟
جواب: قرآن شریف جو مسجد میں لوگ وقف کرتے ہیں تو ان کی نیت یہی ہوتی ہے کہ جو نمازی حضرات نماز پڑھنے آئیں گے وہ قبل نماز یا بعد نماز اس کی تلاوت کریں گے لہذا مسجد کے لیے وقف شدہ قرآن کریم کو مسجد کی حدود سے باہر لے جانا جائز نہیں۔ لھذا گھر لے جانا جائز نہیں۔ مسجد ہی میں اس کی تلاوت کرنی چاہیے۔ (فتاویٰ فخر ازہر: ج 2 ؛ص 211)
سوال نمبر 12۔ ایک شخص ہے جو فائنیس کا کام کرنا چاھتا ہے اسکے لئے کیا حکم ہے کیا وہ شخص کر سکتا ہے یا نہیں؟
جواب:۔ فائنس کے بارے میں حاصل کی گئی معلومات سے واضح ہوا کہ اس کی خرید و فروخت کے تمام طریقے سود پر ہی مبنی ہوتے ہیں اور سود حرام قطعی ہے ارشاد باری تعالی ہے
احل الله البيع وحرم الربوا
( سورۂ بقرہ:275)
اللہ تعالی نے بیع کو حلال اور سود کو حرام فرمادیا۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 2؛ ص 226)
سوال 13۔ کیا یہ بات صحیح ہے کہ جس سال نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت ہوئی تو اس سال دنیا کی ساری عورتوں کے بطن سے صرف لڑکا ہی پیدا ہوا ؟
جواب:۔ جی یہ بات درست ہے کہ جس سال حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش ہوئی اس سال اللہ تعالی کے حکم سے تمام حاملہ عورتوں سے صرف لڑکا پیدا ہوا لڑکی پیدا نہیں ہوئی۔
(فتاویٰ فخر ازہر:ج 2 ؛ ص 268)
سوال نمبر 14۔کیا کاروبار میں جھوٹ بولنا جائز ہے ؟ اس پر شریعت میں کیا حکم ہے۔
جواب: کاروبار میں بھی جھوٹ بولنا جائز نہیں ہے جیسا کہ حدیث پاک میں ہے کہ حضور نے ارشاد فرمایا کہ یعنی قیامت کے دن ( بد دیانت ) تاجر کا حشر نافرمانوں کے ساتھ ہوگا مگر جو تاجر خدائے تعالیٰ سے ڈرتے ہوئے حرام سے بچے اور جھوٹی قسم نہ کھائے اور سچ بولے تو اسکا حشر فاجروں کے ساتھ نہیں ہوگا تر مذی ابن ماجہ اس حدیث پاک سے معلوم ہوا کہ تجارت میں بھی جھوٹ بولنا جائز نہیں ہے البتہ کسی چیز کی قیمت زیاد ہ مانگنا پھر اس سے کم مانگنا پھر اس سے کم میں دینا جائز ہے یہ جھوٹ نہیں ہے۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 2؛ ص 281 /282)
سوال نمبر 15۔گونگا شخص پر نماز ، روزہ ، حج و زکوۃ وغیرہ فرض ہے یا نہیں؟
جواب:احکام شرعیہ کے مکلف ہونے کے لئے صرف عاقل بالغ مسلمان ہونا ضروری ہے اگر یہ چیزیں ہیں تو اس پر نماز روزہ وغیرہ فرض ہے مگر حسب استطاعت ۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 2؛ ص 282)
سوال نمبر 16۔وہ کونسی صورت ہے جب درود پاک پڑھیں تو نماز ٹوٹ جائے گی؟
جواب: مصلی نے کسی آنے جانے والے سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا مبارک نام سنا تو اس کے جواب میں اس نے درود پڑھا تو اس صورت میں نماز ٹوٹ جاتی ہے۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص 236)
سوال نمبر 17۔زید جو کہ امام ہے مگر وہ پڑیا یعنی تمبا کو وغیرہ مسجد میں کھاتے ہیں تو یہ کہاں تک صحیح ہے؟
جواب: مسجد کے اندر پان بیڑی سگریٹ تمباکو وغیرہ کھانا پینا جائز نہیں، حضور فقیه ملت مفتی جلال الدین امجدی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ اگر تمباکو وغیرہ کھایا ہے تو خوب منہ صاف کرنے کے بعد مسجد میں داخل ہو اس لئے کہ بیڑی اور سگریٹ وغیرہ کی بو جب تک کہ باقی ہو مسجد میں داخل ہونا جائز نہیں لہذا مسجد کے اندر پڑیا یعنی تمباکو وغیرہ کھانا بدرجہ اولی جائز نہیں یہ مسئلہ امام و عوام سب کے لئے ہے۔
( فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص 247)
سوال نمبر 18۔ کیامسجد کا پیسہ بطور قرض مدرسہ میں استعمال کر سکتے ہیں؟
جواب: مسجد کی رقم قرض دینا جائز نہیں جس نے قرض دیا ہے وہ توبہ کرے اور مذکورہ رقم مسجد کو اداء کرے اور اگر وہ ادا نہ کرے تو سارے مسلمان اس کا بائکاٹ کریں ۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص 250)
سوال نمبر 19۔وہ کون لوگ ہیں جنہوں نے پندرہ دن قیام کی نیت کی مگر مسافر نہیں ہوئے یعنی چار رکعت والی نماز دو ہی رکعت پڑھنا پڑے گا۔
جواب:اسلامی لشکر کسی جنگل میں پڑاؤ ڈال کر باغیوں کا محاصرہ کرے تو پندرہ دن قیام کی نیت کے باوجود اس کو چار رکعت والی فرض نماز ان کو دو ہی رکعت پڑھنا ہے ۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص 323)
سوال نمبر 20۔ مسجد میں زیادہ جگہ نہیں ہونے کے وجہ سے جمعہ کی نماز عید گاہ میں پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟
جواب: جی ہاں پڑھ سکتے ہیں۔لہذا اگر اس جگہ شرائط جمعہ پائے جاتے ہیں تو کوئی حرج نہیں کہ مسجد ہونا شرط جمعہ نہیں۔
(فتاویٰ فخر ازہر: ج 1؛ ص 235)